• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے ہرادیا

فوٹو بشکریہ پی ایس ایل/فیس بک
فوٹو بشکریہ پی ایس ایل/فیس بک

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 30 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 197 کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا، فخر زمان نے 51 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ 

ان کے علاوہ چریتھ اسالانکا نے 31، ڈینئل سیمس نے 18 اور عبداللہ شفیق نے 14 رنز کے ساتھ ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خلیل احمد نے 2 جبکہ ابرار احمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 188 رنز بناسکی۔ 

گلیڈی ایٹرز کے شامل حسین نے 53 اور رائیلی روسو نے 62 رنز جبکہ اختتامی لمحات میں ابرار احمد نے 24 رنز کی قابل دید اننگز کھیلیں لیکن ٹیم کو فتح کی لکیر عبور نہ کرواسکے۔

قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین آفریدی، سکندر رضا، عبید شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔  

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ میری کوشش ہے کہ اچھی بولنگ کروں اور وکٹ لوں، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ نیا دن ہے، نیا موقع ہے، اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید