• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مائیکل جیکسن کی موت کیسے ہوئی؟ کنگ آف پاپ کی پراسرار کہانی دوبارہ زیرِ بحث

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

دنیا کے معروف پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی زندگی کی طرح ان کی موت بھی آج تک معمہ بنی ہوئی ہے اور ان پر بننے والی نئی بایوپک کی ریلیز سے قبل ایک بار پھر ان کی وفات سے جڑے سازشی نظریات گردش کر رہے ہیں۔

25 جون 2009ء کو مائیکل جیکسن کی اچانک موت نے دنیا بھر میں ہلچل مچا دی تھی، جس کے بعد ناصرف ان کے مداح بلکہ ماہرین بھی مختلف سوالات اٹھاتے رہے، اگرچہ سرکاری طور پر ان کی موت ادویات کے زیادہ استعمال کے باعث قرار دی گئی، تاہم اس کے گرد کئی سازشی کہانیاں جنم لیتی رہیں۔

ایک نظریہ یہ ہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا تاکہ مالی مسائل اور دس از اٹ کنسرٹ سیریز کے دباؤ سے بچ سکیں، جبکہ کچھ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ آج بھی کسی خفیہ مقام پر زندہ ہیں۔

ایک اور خیال کے مطابق انہیں ایسے افراد نے قتل کیا جو ان کی موت سے مالی فائدہ اٹھانا چاہتے تھے، خاص طور پر ان کے قیمتی میوزک کیٹلاگ کے حصول کے لیے، اس حوالے سے ان کی بہن لاٹویا جیکسن نے بھی ماضی میں سازش کا عندیہ دیا تھا۔

اسی طرح ایک نظریہ یہ بھی سامنے آیا کہ جیکسن نے محض ایک معمولی اوور ڈوز کا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تاکہ اپنے کنسرٹس ملتوی کر سکیں، لیکن معاملہ بگڑ گیا اور ان کی جان چلی گئی۔

مزید برآں کچھ غیر معمولی دعوؤں میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ کلوننگ میں دلچسپی رکھتے تھے اور ہمیشہ زندہ رہنے کے لیے ڈی این اے محفوظ کر رہے تھے، تاہم ان دعوؤں کی کوئی سائنسی یا مستند تصدیق موجود نہیں۔

واضح رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنی شاندار موسیقی، تھرلر جیسے عالمی شہرت یافتہ البمز اور بے شمار کامیابیوں کے ذریعے پاپ میوزک کو نئی پہچان دی اور آج بھی ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔

ان کی موت کے سالوں بعد بھی سازشی نظریات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم حقیقت وہی ہے جو سرکاری تحقیقات میں سامنے آئی، جبکہ باقی تمام دعوے محض قیاس آرائیاں سمجھے جاتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید