بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی منیجر پوجا گرنانی اور ان کے خاندان نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں تین اپارٹمنٹس 38 کروڑ 21 روپے میں خریدے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے پراپرٹی دستاویزات کی رجسٹریشن تک رسائی کے حوالے سے بتایا کہ پوجا ان کے شوہر ہتیش پرکاش گرنانی، والد موہن سیورام دادلانی کے نام پر یہ اپارٹمنٹس 38.21 کروڑ روپے میں خریدے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق یہ اپارٹمنٹس کارٹر روڈ پر واقع ورون بلڈنگ میں ہیں اور انکی ری ڈیولپمنٹ جاری ہے، لوٹس ڈیولپرز کے شریک کار ٹرائیکشا رئیل اسٹیٹ لمیٹڈ سے خریدے گئے یہ یونٹس ہائر فلور پر ہیں۔ ہر اپارٹمنٹ کا کارپٹ ایریا 1,511.15 مربع فٹ جبکہ 81.16 مربع فٹ کی بالکونی بھی شامل ہے۔ اس طرح تینوں اپارٹمنٹس کا مجموعی رقبہ 4,776 مربع فٹ بنتا ہے۔
ان اپارٹمنٹس کو 21 اپریل 2026 کو رجسٹر کیا گیا، جس پر 2.16 کروڑ بطور اسٹامپ ڈیوٹی اور 90,000 روپے رجسٹریشن فیس ادا کی گئی۔ ان کے ساتھ کل چھ کار پارکنگ ایریاز بھی شامل ہیں۔ عمارت ابھی زیر تعمیر ہے اور دستاویزات کے مطابق اس کی ملکیت دسمبر 2028 میں ملنے کی توقع ہے۔
پوجا گرنانی جو طویل عرصے سے شاہ رخ خان کے ساتھ ہیں، بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی سیلیبریٹی منیجرز میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ کنگ خان کے پیشہ ورانہ امور، برانڈ ڈیلز اور عوامی تقریبات کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
2023 میں شاہ رخ خان نے ممبئی میں پوجا دادلانی کے نئے تزئین و آرائش شدہ گھر کا دورہ بھی کیا تھا، پوجا نے انسٹاگرام پر اپنے گھر کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں گوری خان کے ڈیزائن کردہ خوبصورت اندرونی مناظر دکھائے گئے تھے۔