• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے ہرادیا


فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) الیون کے 36 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس جیت کے ساتھ ہی اسلام آباد نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ اس بھاری شکست نے کنگزمین کے نیٹ رن ریٹ (NRR) کو منفی 1.037 تک گرا دیا ہے، جس سے قلندرز کو بھی کچھ فائدہ ہوا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساتویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بیٹر محسن ریاض نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، سمیر منہاس 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا اور اسلام آباد کی بولنگ لائن کے سامنے حیدرآباد کنگزمین ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ مکمل طور پر بکھر گئی ہے اور 16 اوورز میں پوری ٹیم  80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا بدترین اسکور بن گیا۔ اس سے قبل ان کا کم ترین اسکور 130 تھا جو لاہور قلندرز کے خلاف کیا تھا۔

میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی وکٹیں تیزی سے گریں، خاص طور پر درمیانی اور آخری اوورز میں کوئی بیٹر اننگز کو سنبھال نہیں سکا، عثمان خان 25 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حسنین اور محمد فائق کی جگہ محسن ریاض اور سلمان مرزا ٹیم کا حصہ تھے۔

اسی طرح حیدرآباد کنگزمین نے ایک تبدیلی کی، آصف محمود کو عاکف جاوید کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید