پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 38ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ایونٹ کی ناقابل شکست پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی سے ملا 200 رنز کا ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 3 گیندوں پر پہلے حاصل کرلیا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے فخر زمان 58 اور ڈینئل سیمز 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یوں پشاور زلمی کو پی ایس ایل 11 میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 199 رنز بنائے تھے، بریسویل 83 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تھے جبکہ بابر اعظم نے 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
لاہور قلندرز کے فخر زمان کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز کی پشاور زلمی کی خلاف فتح کے ساتھ ہی کراچی کنگز کا ایونٹ میں سفر اختتام کو پہنچ گیا۔ فی الحال دفاعی چیمپئن پوائنٹس لسٹ میں چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔
حیدرآباد کنگز مین بھی پہلے آف کی دوڑ میں شامل ہے، اُسے اگلے مرحلے تک رسائی کےلیے اپنے آخری گروپ میچ میں راولپنڈیز کو اتنے بڑے مارجن سے لازمی ہرانا ہوگا کیونکہ اس کا رن ریٹ لاہور قلندرز سے بہتر ہوگا۔
حیدرآباد کنگز مین کو راولپنڈیز کے خلاف میچ 85 رنز یا جو بھی ہدف ملے وہ 10 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر شکست کے باوجود پہلے نمبر پر ہے، دوسری نمبر کی ٹیم کےلیے کل شام اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گی۔
اس میچ کی فاتح ٹیم 28 اپریل کو پشاور زلمی کے خلاف کوالیفائر کھیلے گی، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
پی ایس ایل 11 کا پہلا ایلیمنیٹر 29 اپریل کو تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، یہ میچ جیتنے والی ٹیم کوالیفائر کی رنر اپ ٹیم سے فائنل میں رسائی کےلیے ایلیمنیٹر 2 میں مقابلہ کرے گی۔