• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی شادی سے متعلق لوگوں کی باتوں کو غلط ثابت کیا: عفت عمر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

معروف ماڈل، اداکارہ اور میزبان عفت عمر نے حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی مالی مشکلات اور ظاہری شکل کی بنیاد پر ہونے والی تنقید کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

عفت عمر نے اپنے کیریئر کا آغاز کم عمری میں ماڈلنگ سے کیا اور بعد ازاں اداکاری میں اپنی پہچان بنائی، انہوں نے بتایا کہ میرا تعلق ایک نہایت سادہ اور مالی طور پر کمزور پس منظر سے تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں ایک اچھے اسکول میں پڑھی ہوں، مگر میری رنگت سانولی ہونے کے باعث مجھے معاشرتی طور پر قبولیت کے مسائل کا سامنا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نہ تو گوری تھی، نہ ہی کسی امیر خاندان سے تعلق رکھتی تھی اور والد کی عدم موجودگی میں زندگی گزار رہی تھی، تاہم یہی احساسِ کمتری مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا رہا۔

 ان کے مطابق ماڈلنگ میں آنے کے بعد لوگوں کے لیے یہ حیران کن تھا کہ ایک سانولی رنگت کی لڑکی بھی کامیاب ماڈل بن سکتی ہے۔

عفت عمر نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بتایا کہ میں نے ایک اچھے انسان سے شادی کی، تاہم لوگوں نے اس رشتے کے بارے میں بھی منفی قیاس آرائیاں کیں اور کہا کہ یہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، لیکن میں نے ان تمام خدشات کو غلط ثابت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اس پس منظر کے ساتھ ترقی کرنا بہت سے لوگوں کے لیے حیران کن تھا اور کچھ افراد کو یہ بات پسند بھی نہیں آئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید