اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے یو اے ای پر 4 کروز میزائل فائر کیے گئے۔
یو اے ای وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے فائر کیے گئے 3 میزائل تباہ کردیے گئے جبکہ ایک سمندر میں گرا۔
اماراتی وزارت دفاع کے اس بیان پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
خلیجی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے ڈرون حملہ سے فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں آگ لگ گئی، فجیرہ سول ڈیفنس ٹیمیں جائے وقوعہ میں تعینات کردی گئی، جو آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اس سے قبل دبئی میں موجودہ حالات اور ممکنہ میزائل حملے کے خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا تھا، حکام نے موبائل فونز پر بھیجے گئے پیغام میں خبردار کیا تھا کہ ممکنہ میزائل خطرے کے پیش نظر شہری فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور مزید ہدایات کا انتظار کریں۔
تاہم حکام نے کچھ ہی دیر بعد دوسرا پیغام جاری کرتے ہوئے صورتحال کو ’محفوظ‘ قرار دیتے ہوئے شہریوں کو معمولات زندگی بحال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
بعد ازاں حکام کی جانب سے شہریوں کو تیسرا ہنگامی الرٹ موصول ہوا، جس میں میزائل اور ڈرون حملوں کے ممکنہ خطرات سے خبردار کیا گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق اماراتی دفاعی افواج اس وقت فعال طور پر ان خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں اور فضا میں موجود مشتبہ اہداف کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
وزارت نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں سنے جانے والے دھماکوں اور آوازوں کی وجہ یہی دفاعی آپریشنز ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور اس وقت تک غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں جب تک خطرہ مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے اور صورتحال کو محفوظ قرار نہ دے دیا جائے۔