امریکی سینیٹر برنی سینڈرز اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی اسٹیو بینن نے اے آئی ٹیکنالوجی کی مزید سخت نگرانی کرنے اور حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے۔
برنی سینڈرز اور اسٹیو بینن نے واشنگٹن میں منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران اے آئی ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
برنی سینڈرز نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے باعث کروڑوں ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں اور بعض پیشے ختم ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اے آئی کی ترقی کے لیے ایسے ضوابط اور عالمی حفاظتی اصول بنانے پر زور دیا ہے جن کے ذریعے یہ ٹیکنالوجی انسان کے کنٹرول میں رہے۔
برنی سینڈرز پہلے ہی ایسی قانون سازی کی تجویز دے چکے ہیں جس کے تحت مصنوعی سپر انٹیلی جنس کی تیاری اور استعمال پر پابندی اور جدید اے آئی کی ترقی کو وفاقی سطح پر حفاظتی اصول اور ضوابط وضع ہونے تک روکنے کی بات کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسٹیو بینن نے بھی اے آئی ٹیکنالوجی پر حکومتی نگرانی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے لیکن چین کے حوالے سے ان کا مؤقف برنی سینڈرز سے مختلف ہے۔
اسٹیو بینن نے اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے حوالے سے مزید سخت پابندیوں کی حمایت کی ہے جب کہ برنی سینڈرز نے امریکا اور چین کے درمیان عالمی سطح کے حفاظتی معاہدے پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضابطے کا معاملہ اس وقت امریکی سیاست میں بھی اہم بحث بن چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں اے آئی ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے مزید حکومتی ضوابط کی مخالفت کی ہے جب کہ اس ٹیکنالوجی کے بعض رہنماؤں نے اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار میں احتیاط اور مضبوط حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
