یو ایس اوپن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے پہلے اَن سیڈڈ کھلاڑی مال اینڈرسن 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
مال اینڈرسن نے اپنے ٹینس کیریئر کا آغاز ایسے حالات میں کیا جب ان کے پاس ٹینس کھیلنے کے لیے اچھی سہولتیں بھی دستیاب نہیں تھیں اور پھر ان کی محنت رنگ لائی اور وہ 1957ء میں یو ایس کراؤن اور 3 بڑے ڈبلز ٹائٹل جیت کر ٹینس کھیلنے والے آسٹریلیا کے لیجنڈری کھلاڑی بن گئے۔
علاوہ ازیں آسٹریلوی کھلاڑی نے اپنے ٹینس کیریئر میں 2 بار ڈیوس کپ بھی اپنے نام کیا۔
ٹینس سے ریٹائرمنٹ کے بعد مال اینڈرسن نے پیٹ رافٹر سمیت کئی ایسے نوجوان آسٹریلوی کھلاڑیوں کی رہنمائی کی، جو اپنے ٹینس کریئر کے دوران عالمی نمبر ایک بنے۔
لیجنڈری آسٹریلوی کھلاڑی کی موت کی خبر سن کر پیٹ رافٹر نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹینس کے ایک حقیقی لیجنڈ تھے، لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ وہ ایک لاجواب آدمی تھے، نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرنے میں انہیں ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی تھی۔