یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ نے 2026ء میں آغاز سے قبل اعلان کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کو ڈبلن فرنچائز کا مالک مقرر کر دیا ہے۔
یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ کے شریک مالک ابھیشیک بچن نے کہا ہے کہ راہول ڈریوڈ کو ان کی ساکھ، وژن اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے جذبے کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ میں راہول جیسا ہی کوئی کرکٹر چاہتا تھا، کیونکہ راہول اپنی ساکھ اور وژن کی وجہ سے مشہور اور جو کچھ وہ کہتے ہیں وہ اسے گراؤنڈ میں کر کے بھی دکھاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیگ میں سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون بھی ڈبلن ٹیم کے کپتان اور سرپرست کے طور پر شامل ہوں گے، بھارت میں پیشہ ور کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں یورپ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
یہ لیگ کرکٹ آئر لینڈ، کرکٹ اسکاٹ لینڈ اور نیدر لینڈز کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔
اس لیگ میں ڈبلن، بیلفاسٹ، ایڈنبرا، گلاسگو، روٹرڈیم اور ایمسٹرڈیم کی 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ابھیشیک بچن کے مطابق لیگ کا مقصد صرف شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ یورپ میں کرکٹ کا مضبوط نظام قائم کرنا، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینا اور مقامی سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے۔
راہول ڈریوڈ نے کہا ہے کہ مجھے اس منصوبے کا سب سے بڑا مقصد یورپ میں کرکٹ کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کے لیے راستے بنانا پسند بہت آیا ہے، ڈبلن میں کرکٹ کا شوق پہلے سے موجود ہے اور اس میں مزید ترقی کی بڑی صلاحیت ہے۔
لیگ میں اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، فاف ڈوپلیسی، ہینرک کلاسن، لیام لیونگ اسٹون اور ٹم ڈیوڈ سمیت دیگر عالمی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ 26 اگست سے 20 ستمبر 2026ء تک کھیلی جائے گی جس میں مجموعی طور پر 33 میچز ہوں گے۔