• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے یورو ٹی 20 لیگ کیلئے فرنچائزرز نے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

بیلجیئم میں ہونے والے پہلے یورو ٹی20 لیگ کے لیے فرنچائزرز نے اپنے اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں 5 فرنچائزرز میں سے ہر ایک نے کرکٹ کی دنیا کے معروف کھلاڑیوں کے ساتھ مجموعی طور پر 16، 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ 

یہ چناؤ کھلی بولی کے ذریعے ہوا جس میں آئیکانک، پلاٹینیئم، کیٹگری اے، بی اور سی میں کھلاڑیوں کا ان کی صلاحیتوں اور ان کے کرکٹ ریکارڈ کی بنیاد پر تعین کیا گیا تھا۔ 

اس حوالے سے مجموعی طور پر 17 راؤنڈ منعقد کیے گئے جن میں ہر فرنچائز نے 12 بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ 4 سے 6 مقامی بیلجئین کھلاڑیوں کی بھی خریداری کی۔

اس تقریب میں بھارت کے لیجنڈری سابق وکٹ کیپر کرن مورے، انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اورافغانستان کے سابق کوچ جوناتھن ٹراٹ، جنوبی افریقا کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ہرشل گبز اور ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز شیو نرائن چندرپال نے شرکت کی۔

لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر انگلینڈ کے سابق کپتان اوین مورگن ہیں، جنہوں نے ڈرافٹ تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ لیگ بیلجیم کے شہر زیمسٹ کے زیمسٹ گراؤنڈ میں 6 جون سے 14 جون تک کھیلی جائے گی

اس موقع پر جنگ اور جیو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بیلجئین کرکٹ فیڈریشن کے صدر عمیر بٹ نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ یورپ میں کرکٹ آگے بڑھ رہی ہے۔ اس لیگ کے انعقاد سے یورپ میں موجود کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔ 

انہوں نے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ کام ان کے دور صدارت میں انجام پا رہا ہے، جس کے لیے وہ اپنے تمام ساتھیوں اور ہمدردوں کے بھی شکر گزار ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید