• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر سال کی طرح، حسبِ روایت اِمسال بھی ہم نے عیدالاضحیٰ کے موقعے پر، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو جواباً آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح بہت محبّت بَھرے، تو کچھ کھٹ مِٹھے، تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کی بڑی تعداد وصول پائی، چوں کہ تمام تر پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں، لہٰذا آج ملاحظہ فرمائیے، اس سلسلے کی یہ پہلی اشاعت۔

(اہلِ پاکستان کے لیے)

عید الاضحیٰ محض ایک تہوار نہیں، بلکہ یہ قربانی، ایثار اور اِخلاص کا پیغام ہے۔ عیدِ قرباں ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم اللہ کی رضا کے لیے اپنی نفسانی خواہشات قربان کریں اور دوسروں کا خیال رکھیں۔ اللہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔ (مبشّر ابتسام، فلک مارکیٹ، الٰہ آباد، راول پنڈی کا سندیسہ)

(پیاروں کے نام)

میری طرف سے علی، یعسوب، رمشا، فہد محبوب، شان اور نشیکا کو عیدالاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ہمیشہ خوش باش اور ہنستا بستا رکھے۔ (ڈاکٹر سبطِ شبّرزیدی، رابعہ سٹی، کراچی کی طرف سے)

کینیڈا میں مقیم بچّوں کے نام

ہم کینیڈا میں مقیم اسامہ واجد، رقیہ وقار، زینب واجد اور علی حسن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور آپ بظاہر ہم سے دُور، مگر ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔ ہماری طرف سے آپ لوگوں کو بڑی عید کی بڑی بڑی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالی آپ کو ہمیشہ خوش وخرم رکھے۔ (واجد علی شاہین اور ناہید جبین، لاہور کی جانب سے)

(مسلمانوں کے لیے)

عید پیار، محبّت اور اپنوں کو قریب لانے کا نام ہے۔ یہ تہوار اللہ کی طرف سے ہم مسلمانوں کے لیے کسی اَن مول تحفے سے کم نہیں، تو پھر کیوں نہ ہم بھی اپنے سب پیاروں کو عیدالاضحیٰ کے موقعے پر یاد رکھیں اور ایک دوسرے کے ساتھ گُھل مِل کر عید کی خوشیاں دوبالا کریں۔ (بلال ناظم، کراچی کا سندیسہ)

(اہلیہ، شازیہ عمران کے نام)

میری پیاری بیگم، ہر دُکھ سُکھ کی ساتھی! تمہیں عیدالاضحیٰ کی ڈھیروں مبارک باد۔ اس پُرمسرّت، بابرکت موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں ایسی ہزاروں خوشیاں نصیب فرمائے۔ تم پر ہر دَم اللہ تعالیٰ کی رحمت برستی رہے اور سب غم، دُکھ اور پریشانیاں کوسوں دُور رہیں۔ (عمران خالد خان، گلستانِ جوہر، کراچی کی جانب سے)

(قارئین کے لیے)

عیدالاضحیٰ کے پُرمسرّت موقعے پر میری طرف سے تمام قارئین کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک ہو۔ (شاہد اسلم پردیسی، سانگھڑ کی طرف سے)

(والدِ محترم اور چچائوں کے نام)

میرے والدِ محترم عبدالجبار اور میرے چچائوں ڈاکٹر عبدالقیوم اور ڈاکٹر عبدالرؤف کو میری طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو صحت و تن دُرستی کے سانھ دراز عُمر عطا فرمائے۔

اس بابرکت موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگی کو اپنی رحمتوں سے بھردے۔ آپ کو ہمیشہ خوش و خرّم اورتا دیر سلامت رکھے۔ (عبدالماجد، ڈھوک مستقیم، پشاور روڈ، راول پنڈی کی محبّت و عقیدت)

(پیاری امّی جان کی خدمت میں)

پیاری امّی جان!دِل کی گہرائیوں سے آپ کو عیدالاضحی مبارک۔ ’’غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم.....نہایت اِس کی حسین ؓ، ابتدا ہے اسماعیلؑ۔‘‘ آپ ماشاءاللہ جتنا عُمدہ لکھتی ہیں، اُس سے بھی زیادہ عُمدہ لکھتی رہیں۔ آپ کے تحریرکردہ دِینی، اَخلاقی اور اصلاحی مضامین واقعتاً توشۂ عقبیٰ ثابت ہوں۔

اللہ تعالیٰ آپ کا مہربان اور شفیق ترین سایہ صحت وسلامتی کےساتھ تا دیر ہمارے سَروں پر قائم رکھے۔ آمین۔ (سیّد محمد علی رضوی، سیّد محمد سلمان حیدر رضوی (سڈنی، آسٹریلیا) اور سیّدہ ایلیا حسن رضوی، گلشنِ اقبال، کرا چی کا محبّت و مودّت بھرا پیغام )

(اہلِ وطن کے لیے)

تمام اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سُنّتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (محمّد اسحاق، نفیس اور راشد، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی جانب سے)

(قارئین کی خدمت میں)

عیدِ قرباں پر ہرمسلمان کی خواہش اورکوشش ہوتی ہے کہ اپنی بساط و حیثیت کے مطابق خوب صُورت اور توانا جانور اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کرے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس سُنّتِ ابراہیمیؑ کی تائید وپیروی کو اپنی بارگاہِ اقدس میں قبول فرمائے۔ (منال اور وانیہ، لبرٹی چوک، حیدرآباد کا پیغام)

( بابو اور سکندری فیملیز کے نام)

عید الاضحیٰ کےدن صبح سویرے ہمارے بابو قربانی کے بکروں کو چارے،پانی کے ساتھ گلاب جامن اور برفی بھی کِھلاتے ہیں اور اُن سے خُوب پیار کرتے ہیں۔ پھر اپنی نگرانی میں قربانی کرواتے ہوئے مختلف دُعاؤں کا وِرد کرتے رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ بابو کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیرسلامت رکھے۔ میری طرف سے تمام سکندری فیملیز کو عیدالاضحٰی کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ ( ڈاکٹر ایم عارف سکندری، کھوکھر محلّہ، حیدرآباد، سندھ کی طرف سے)

(پیارے امّی، ابّو کے لیے)

پیارے امّی، ابو! شومئی قسمت، اس عید الاضحیٰ پر آپ دونوں ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ آپ کے داعیٔ اجل کو لبّیک کہنے کے بعد ایسا لگتا ہے، جیسے ہم کسی گھنے، سایہ دار شجر کی ٹھنڈی ٹھنڈی چھاؤں سے یک دَم کڑکتی دھوپ میں آگئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو جنّت کے حسین باغوں کا مکین فرمائے۔ نیز، موجودہ کڑے، سخت حالات کا جواں مَردی سے مقابلہ کرنے والے تمام اہلِ وطن کو عیدِ قرباں بہت بہت مبارک ہو۔ (شہلا الیاس، کراچی کا سندیسہ)

(پیاری دادی جان اور اہلِ خانہ کے لیے)

میرے لیے عید الاضحیٰ محض ایک تہوار نہیں بلکہ اپنوں سے جُڑی خُوب صُورت یادوں کا دن بھی ہے، اس موقعے پر میری دادی جان اور اہلِ خانہ کی پُرخلوص محبّتیں اور دُعائیں میری عید کو اور بھی خاص بنا دیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ میری پیاری دادی جان اور تمام اہلِ خانہ کو شاد و آباد رکھے۔ (کلیم ناظم، کراچی کی جانب سے)

( اہلیہ محترمہ کے نام)

عیدالاضحیٰ کی دِلی مبارک باد کے ساتھ سیّد آلِ رضا یاد آگئے؎ تم کو دیکھا تو محبّت بھی سمجھ میں آئی .....ورنہ اِس لفظ کی تعریف سُنا کرتے تھے۔ ( سیّد ذوالفقار حسین نقوی، نیو رضویہ سوسائٹی، نزد کرن اسپتال، کراچی کی جانب سے)

(پردیسی بچّوں کے نام)

میری طرف سے پردیس میں مُقیم میرے بچّوں، خرّم، دانیہ، حسن، افشین، عافیہ اور عبیر کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے بڑی عید مبارک ہو۔ (شاہدہ ناصر کی طرف سے)

(پاپا، مما اور ایم علی بھائی کے لیے)

ہماری طرف سے پاپا، مما اور محمّد علی بھائی کو عیدالاضحیٰ کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ (ایم فصیح، ایم یوسف، سانگھڑ سے محبّت بھرا سندیسہ)

(سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمان کے نام)

زندہ دل، پُربہار شخصیت کے مالک، نفیس و وضع دار انسان اور کراچی کی روشنیوں میں اضافہ کرنے والے دھرتی کے بیٹے، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمان کو دل کی گہرائیوں سے عیدِ قرباں مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ آپ ہمیشہ خوش باش، ہنستے مسکراتے رہیں۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈو، میرپورخاص کا خلوص)

(والدہ مرحومہ کے نام)

ہماری والدہ کو ہم سے بچھڑے دس برس ہوچُکے ہیں، مگر اُن کی میٹھی میٹھی باتیں اور نصیحتیں آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ جب کہ عیدین کے موقعے پر تو ہمیں اُن کی یاد بہت ہی ستاتی ہے۔

عید الاضحیٰ کے بابرکت موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری والدہ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (اُمِ حسن، ماڈل ٹائون، لاہور کی جانب سے)

(اُمّتِ محمدیہؐ کے نام)

عیدالاضحیٰ کے پُرمسرّت، بابرکت موقعے پر مَیں تمام مسلمانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ اِس روز تمام نفرتیں، تلخیاں اور دُوریاں مٹا کرایک دوسرے کو گلے لگالیں۔ رشتےداروں اور دوست احباب میں خوشیاں بانٹیں اوربغض، کینہ اور عداوت جیسے منفی جذبات کو کبھی بھی اپنے قریب پھٹکنے نہ دیں۔ (طاہر گرامی، ٹوبہ ٹیک سنگھ کی طرف سے)

(ٹیکساس میں مقیم دخترِ پاکستان، قرأت نقوی کے لیے)

کراچی، پاکستان کی پیاری بیٹی، قرأت نقوی کو میری اور تمام پاکستانیوں کی طرف سےعیدالاضحیٰ کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ دلی دُعا ہے کہ تمہارا ہر دن ہی مانندِ عید ہو۔ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ سے)

(اپنے پیارے دوست کے نام)

میرا عید کا یہ سندیسہ اپنے اُس پیارے دوست کے نام ہے کہ جس نے بہت دُور دیارِغیر میں بستی بسالی ہے اور وہ شاید یہ بات فراموش کرچُکا ہے کہ آج بھی ایک شخص اُس کی راہ تک رہا ہے اور اُس کی دِید کے لیے بے قرار ہے۔

سچ پوچھیے، تو میری اصل عید اُس وقت ہوگی، جب مُجھے اپنے دوست کی دِید ہوگی۔ مَیں اپنے پیارے دوست سے صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ عید آئی تو مُجھے محسوس ہوا کہ ہماری جُدائی کو ایک اور سال گزر گیا۔ (بابر سلیم خان، سلامت پورہ، لاہور کی طرف سے)

(امّتِ مسلمہ کی خدمت میں)

میری جانب سے پوری اُمّتِ مسلمہ کو عیدالاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ عیدِ قرباں ایثار، محبّت اور قربانی جیسے گراں قدر جذبات کو تازہ کرنے کا دن ہے۔ میری دُعا ہے کہ یہ بابرکت عید ہم سب کی زندگیوں میں رحمت، برکت، خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنے۔

اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی عبادات و قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، اُمّتِ مسلمہ پر اپنا خاص فضل و کرم نازل کرے اور ہمیں ہمیشہ اپنی رحمتوں کےسائے میں رکھے۔ (عبدالواجد، چک نمبر 146/9ایل، چیچہ وطنی کی دُعا)

(پاک فوج اور جنگ گروپ کے ارکان کی خدمت میں)

میری طرف سے پاک فوج کے جاں بازوں اور جنگ گروپ کے ارکان کو دل کی گہرائیوں سے بقرعید مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج اور جنگ گروپ کو ہر نظرِبد سے محفوط و مامون رکھے۔ (عبدالجبّارخان بن عبدالعزیزخان یوسف زئی، نارتھ ناظم آباد، کراچی کا خلوص و محبّت)

(پیارے اہلِ وطن کے نام)

ہمارے ہاں یہ روایت عام ہے کہ لوگ مویشی منڈی سے قربانی کےجانور لانے کے بعد اپنے گھروں کے سامنے یا پھر گلی کے عین وسط میں شامیانے نصب کر کے باندھ دیتے ہیں اور پھر خود بھی راستے میں چارپائیاں، کرسیاں رکھ کر ڈیرے جما لیتے ہیں، جس کی وجہ سے راہ گیروں اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ ہمارا پیارا دینِ اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ راستے سے ایذا دینے والی معمولی سی چیز ہٹا دینا بھی صدقہ ہے، تو پھر ہم ایک مسلمان ہونے کے ناتے اپنی خوشیوں کی خاطر دوسروں کے لیے دشواریاں کیوں کر پیدا کرتے ہیں۔

لہٰذا، اس عیدِ ایثار پر میرا اپنے پیارے اہلِ وطن کے لیے صرف یہ پیغام ہے کہ وہ صرف جانوروں ہی کی قربانی نہ کریں، اپنی وہ بُری عادات بھی قربان کریں کہ جو دوسروں کے لیے تکلیف و ایذا کا باعث بنتی ہیں۔ خوشیاں ضرور منائیں، مگر دوسروں کے لیے مشکلات کا سبب نہ بنیں۔ میری طرف سے تمام اہلِ پاکستان کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (حرا خان کا نصیحت بھرا سندیسہ )

(فلسطینی مجاہدوں کی خدمت میں)

جس طرح حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ اطاعتِ الہٰی اور صبر و توکّل کے اعلیٰ درجے پر فائز تھے، آج بالکل انہی کی سیرت پر چلتے ہوئے غزہ و فلسطین کے مجاہدین اللہ کی راہ میں قربان ہورہے ہیں اور آزمائش کی اس سخت گھڑی میں اپنے ایمان پرثابت قدم ہیں۔

مَیں تہہ دل سے تمام فلسطینی مسلمانوں اور پوری اُمّتِ مسلمہ کو عید الاضحٰی کی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ میری دُعا ہے کہ ربِ کائنات پوری اُمّت کو اتحاد، یک جہتی اور آسانیاں نصیب فرمائے۔ (سونیا عبّاس علی قریشی، حیدرآباد کا پیغام)