مرتّب: طلعت عمران
ہر سال کی طرح، حسبِ روایت اِمسال بھی ہم نے عیدالاضحیٰ کے موقعے پر، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو جواباً آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح بہت محبّت بَھرے، تو کچھ کھٹ مِٹھے، تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کی بڑی تعداد وصول پائی، چوں کہ تمام تر پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں تھی، لہٰذا آج ملاحظہ فرمائیے، اِس سلسلے کی دوسری اور آخری اشاعت۔
(قارئین اور کارکنانِ روزنامہ جنگ کے لیے)
تمام پاکستانیوں، دُنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں بالخصوص روزنامہ جنگ کے قارئین اور کارکنان کو میری جانب سے عید کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (دلدار گلزار، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کی جانب سے)
(ابّوجان مرحوم کی خدمت میں)
پیارے ابّو جان! ہم عیدِ قرباں کا دِن کیسے فراموش کر سکتے ہیں۔ آپ اِسی روز ہی اللہ کے حضور پیش ہوئے تھے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے ابّو جان کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (پرنس افضل شاہین، بہاول نگر کا پیغام)
(اہلِ خانہ کے لیے)
مَیں اپنے تمام اہلِ خانہ سے بہت پیار کرتا ہوں۔ میری جانب سے آپ سب کو بڑی عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ میری دِلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ہمیشہ خوش و خرّم اور شاد و آباد رکھے اور سب غزنوی خاندان کی نیک نامی کا باعث ہوں۔ ؎ پَھلا پُھولا رہے یارب چمن میری اُمیدوں کا…جگر کا خون دے دے کر یہ بُوٹے مَیں نے پالے ہیں۔ (محمّد رئیس خان غزنوی، پکا قلعہ، حیدرآباد، سندھ کی نیک تمنّا ئیں)
(عظیم والدین کی خدمت میں)
ہمارے پیارے اور عظیم والدین کو ہماری طرف سے عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ پاک آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر ہمیشہ سلامت رکھے۔ آپ کو طویل اور صحت مند زندگی عطا فرمائے اور ہمیں آپ کے ساتھ ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب کرے۔ (ایمان کامران اور عبدالرحمٰن خان، مرشد ٹاؤن، راول پنڈی کی جانب سے)
(اپنے پیاروں کے نام)
میری جانب سے شیخ مظہر علی، لیاقت علی، فیضان علی اور اظہر علی سمیت تمام اہلِ خانہ کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ میرے تمام اہلِ خانہ کو ہمیشہ سلامت رکھے۔ (محمد حسام عالم، راول پنڈی کی طرف سے)
(اہلِ خانہ کے لیے)
خنسا، ملک اشفاق، عمّارہ خان اور اُن کے بچّوں، محمّد نگہبان، عریشہ خان اور آئمہ خان کو میری جانب سے عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ ان دونوں خاندانوں کو ہمیشہ ہنستا بستا رکھے اور ان کی خوشیوں کو دوبالا کر دے۔
نیز، ان کے بچّوں کو قومی پُھول، چنبیلی کی طرح سدا تروتازہ رکھے اور ہمارا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ اِسی آن، بان اور شان سے لہراتا رہے۔ (ڈاکٹر محمّد حمزہ خان ڈاھا،سبزہ زار ، نیلم موڑ، ملتان روڈ، لاہور سے)
(کینیڈا میں مقیم، شاہین کمال کے لیے)
کینیڈا میں مقیم بے مثال و خوش خصال اور با کمال، شاہین کمال کو میری جانب سے نہ صرف عیدالاضحی بلکہ ماضی کی یادوں کی سوغات پر مبنی اپنی لاجواب تصنیف کی اشاعت بھی مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن پر اپنے فضل و کرم کا سایہ ہمیشہ قائم رکھے۔ (ہومیو ڈاکٹرایم شمیم نویدؔ، گلشنِ اقبال،کراچی کی طرف سے)
(اساتذہ اور ساتھی طلبہ کے نام)
میری درس گاہ، مادرِ علمی میری زندگی کا نہایت اہم باب ہے۔ یہاں مَیں نے اپنی زندگی کے بہت خُوب صُورت اور یادگار دن گزارے ہیں۔ کچھ عرصے بعد مَیں اپنی درس گاہ کو الوداع کہنے والی ہوں، لیکن مُجھے اس کے درودیوار، اساتذہ، سکھیوں سہیلیوں اور دیگر طلبہ کی یاد بہت ستائے گی۔
میری طرف سے درس گاہ کے تمام اساتذہ اور طلبہ کو دِلی عید مبارک ہو اور مَیں دُعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ میرے تمام اساتذہ اور ساتھی طلبہ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے۔ (مشعل فاطمہ ،کنڈیوالہ کی جانب سے)
(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)
عیدالاضحیٰ، قربانی، اطاعت اور رضائے الہٰی کے حصول کا عظیم دِن ہے، جو ہمیں حضرت ابراہیمؑ کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں بتاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے خواہشات کو قربان کرنا ہی حقیقی کام یابی ہے۔ اس بابرکت موقعے پر تمام مسلمانوں کو ڈھیروں ڈھیر مبارک باد۔ اللہ تعالی ہماری عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے، آمین۔ (ماہم، طوبیٰ، بشریٰ اور دُعا، کوٹ غلام محمد کی طرف سے)
(پیارے بیٹے اور بیٹی کے نام)
پیارے بیٹے محمد نبیل اور پیاری بیٹی انیقہ! گرچہ آپ دونوں اِس وقت ہم سے بہت دُور مسقط میں قیام پذیر ہیں، لیکن ہمارے دل کے بہت قریب ہیں۔ آپ دونوں کو ہماری طرف سے عیدالاضحی کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (واجد علی شاہین، ناہید جبیں اور سعد واجد، لاہور کی جانب سے)
(ہر ذی رُوح کے نام)
میری طرف سے اِس زمین اور پوری کائنات پر بسنے والے ہر ذی رُوح کو عیدالاضحی مبارک ہو۔ (ثمینہ دلدار، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کا پیغام)
(عزیز دوستوں کے نام)
میرے عزیز دوست احمد علی صدیقی اور مرزا ندیم بیگ اور اُن کے اہلِ خانہ کو میری طرف سے دلی عید مبارک ہو۔ (محمّد جنید اقبال، نیوکراچی، کراچی کی جانب سے)
(عزیز ترین بہنوں،بھائی، بھابھی اور اُن کے بچّوں کےلیے )
میری عزیز ترین بہنوں سمیرا خان، شہلا خان، روبینہ خان، شازمہ خان، میرے چھوٹے بھائی کامران احمد خان، میری پیاری بھابھی سنیلا کامران اور ان کے پیارے بچّوںایمان کامران اور عبدالرحمٰن خان کو میری طرف سے عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ہمیشہ شادوآباد رکھے۔ (زاہد احمد خان، مرشد ٹاؤن، کھنہ کاک، راول پنڈی کا سندیسہ)
(پیاری امّی جان کی خدمت میں)
زندگی کی کٹھن اور پیچیدہ راہوں میں جب کوئی ہم سفر، رہبر اور غم گُسار نہیں ملتا، تو امّی جان آپ کی یاد بے حد ستاتی ہے۔ آئی ریئلی مِس یو پیاری امّی جان۔ (افشاں ظہیر، بہزاد ہائی اسکول مومن آباد، کراچی کا پیغام)
(اہلِ خانہ کے نام)
میری طرف سے میرے تمام اہلِ خانہ کو بہت بہت عید مبارک ہو۔ (کرن اکبر، روہڑی کی طرف سے )
(اپنے پیاروں اور قارئین کےلیے)
میری طرف سے والدہ محترمہ، تمام بہن بھائیوں، پیاری بیٹی عفراء گُل، بیٹے صائم عبداللہ، ایڈیٹر، جنگ سن ڈے میگزین اور تمام قلم کاروں اور قارئین کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (محمّد صفدر خان ساغر، قلعہ کالرو والا، سیال کوٹ، کی جانب سے)
(بچّوں کے نام)
عیدالاضحیٰ کے پُرمسرّت موقعے پر مَیں اپنے بچّوں، محمّد عُمیر قریشی (مقیم جرمنی)، محّمد یاسر قریشی اور لاڈلی بیٹی، سمعیہ اسلم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دُعاگو ہوں کہ ’’اے ربِّ ذوالجلال! جو میرے بچّوں کے حق میں بہتر ہو، اُسے اُن کے لیے آسان فرما دے۔‘‘ (اسلم قریشی، آٹو بھان روڈ، ٹھنڈی سڑک، حیدرآباد کی طرف سے)
(میرے پیارے والد، سردار خان اور اُن کے تمام دوستوں کے نام)
میرے پیارے والد ایک زمین دار تھے لیکن اس کے باوجود اپنے سارے کام خُود سرانجام دیتےاور اُنہوں نے ہمیں بھی یہی تربیت دی کہ اپنا ہر کام خود کرو اور محنت سے کبھی جی نہ چرائو۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم سب ایک خوش حال زندگی گزار رہے ہیں۔ عیدِ قرباں کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور اُن کے تمام مرحوم دوستوں کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ (سعید احمد خان زادہ، سکرنڈ کا سندیسہ)
(تمام پاکستانیوں کے نام)
میری طرف سے تمام پاکستانیوں کو تہہ دل سے عید الاضحیٰ مبارک ہو۔ اس پُرمسرّت موقعے پر مَیں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں اس دن اُن تمام افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جو قربانی کرنے سے قاصررہے، بالخصوص اپنے پڑوسیوں، اہلِ محلّہ اور مستحقین کو اپنی عید کی خوشیوں میں ضرور شامل کرنا چاہیے۔ (سیّد شاہ عالم زمّرد، راول پنڈی کی جانب سے)
(16برس سے فالج زدہ شریکِ حیات، ثریّاوحید کے نام)
میری نصف صدی پر محیط ازدواجی زندگی کی ہم سفرو ہم راز، غم گُسار اور مضبوط قوّتِ ارادی کی مالک، شگفتہ و بامقصد گفتگو کرنے والی میری رفیقِ حیات تمہیں عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ اس بابرکت موقعے پر میری دُعا ہے کہ یہ عید تمہارے لیے اَن گنت خوشیاں لے کر آئے اور مُجھے ہمیشہ تمہاری دِید نصیب ہو۔ یمنیٰ، سمعیہ، ایمن، حبیبہ اور فاطمہ تمہارا پرتَو ہیں۔ اللہ اُن پر بھی ہمیشہ اپنا فضل و کرم قائم رکھے۔ (وحید اختر، راول پنڈی کا محبّت و اخلاص)
(پیاری ماں کی خدمت میں)
پیاری امّاں جان! میری پہلی سانس سے لے کر آج تک آپ کی دُعائیں ہمیشہ میرے لیے ڈھال بنی رہی ہیں۔ میرا انگ انگ آپ کی ممتا کا قرض دار ہے۔ آپ کی محبّت و رفاقت میری زندگی کا سب سے بڑا سہارا ہے اور آپ کی موجودگی مجھے ہر فکر سے آزاد کر دیتی ہے۔ میری طرف سے آپ کو عید الاضحی بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر ہمیشہ قائم رکھے اور آپ کی زندگی کو خوشیوں سے بَھر دے۔ (لاریب فاطمہ، لاہور کا اپنی والدہ سے اپنائیت کا اِک انداز)
(پیاری پوتیوں اور نواسے کے نام)
میری دونوں پوتیاں، عریبہ نور اور حور عین فاطمہ اور نواسا، محمد آذان میرے دل کے بہت زیادہ قریب ہیں۔ میری طرف سے ان سب کو عید الاضحی بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں دُنیا کی تمام تر نعمتیں، آسائشیں اور طویل عُمر عطا کرے اور انہیں ایسی بے شمار عیدیں، خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے، آمین۔ (محمّدسلام معرفت مولوی عبدالرزاق مؤذن مدینہ مسجد بنگالی کالونی، لطیف آباد، حیدرآباد، سندھ کی طرف سے)
میں نے دیکھا اِک فرشتہ باپ کی پرچھائیں میں ...
سنڈے میگزین کا سلسلہ ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ ایک دل کی آواز، دوسرے دل تک پہنچانے کے ساتھ مختلف مواقع پر کئی خُوب صُورت رشتوں کے دِلی جذبات کی عکّاسی و ترجمانی بھی کرتا ہے۔ ہر برس کی طرح اِس مرتبہ بھی ’’عالمی یومِ والد‘‘ ماہِ جون کے تیسرے اتوار یعنی21جون کو منایا جا رہا ہے، تو اگر آپ بھی موقعے کی مناسبت سے اپنے گھنیرے، سایادار درخت سے مشفق وعظیم والد، مربّی، سرپرست کے لیے کوئی بھی پیغام (نثر یا شعرکی صُورت) بھیجنا چاہیں، تو ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کردیں۔
ایڈیٹر، ’’سنڈے میگزین‘‘، صفحہ ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ ( عالمی یومِ والد اسپیشل ایڈیشن) روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چند ریگر روڈ، کراچی۔
یاد رہے، پیغام بھیجنے کی آخری تاریخ 7جون 2026ءہے۔
نوٹ: پیغام بہت مختصر، خوش خط اور جامع ہو، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو موقع مل سکے۔
sundaymagazine@janggroup.com.pk