پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں۔ حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ کے شوہر حمزہ حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کے حوالے سے اہم انکشافات کیے اور سابق ایم پی اے ثاقب چڈھر پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
حمزہ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ثاقب چڈھر نے ہماری شادی رکوانے کے لیے مومنہ اقبال کے کردار پر الزامات لگانے کی کوشش کی، انہوں نے مجھ سے ذاتی طور پر رابطہ کیا اور مومنہ کے خلاف باتیں کیں تاکہ میں شادی سے پیچھے ہٹ جاؤں، لیکن میں نے ان کے تمام دعوے مسترد کر دیے۔
حمزہ حبیب کا کہنا ہے کہ جب میں نے ان الزامات کو قبول نہیں کیا تو میرے کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی، ایف آئی آر میں میرا نام شامل نہیں کیا گیا بلکہ صرف فون نمبر استعمال کیا گیا، جو غیر اخلاقی اقدام تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مومنہ میری بیوی اور وہ میری ریڈ لائن ہے، جو بھی ان کے کردار پر بات کرے گا، اسے جواب دینا پڑے گا، ہم سے مختلف نامعلوم افراد نے رابطے کیے اور مومنہ کے خلاف بیانات دینے کے بدلے پیسوں کی پیشکش بھی کی گئی۔
پریس کانفرنس میں مومنہ اقبال کی بہن اور وکیل رمشا اقبال بھی موجود تھیں، جبکہ قانونی ٹیم نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ کو ہراساں کرنے کے معاملے پر قانونی کارروائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال اور حمزہ حبیب کا نکاح 23 مئی 2026ء کو ہوا تھا، جبکہ جوڑے کی شادی کی تقریبات یکم جون کو متوقع ہیں۔