عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو ویڈیو کال پر دیکھ کر مداح دنگ رہ گئی۔
عاطف اسلم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کی فٹ پاتھ پر چلتے ہوئے ایک خاتون سے ملاقات ہوئی جو ویڈیو کال پر اپنی بہن کے ساتھ بات کر رہی تھیں۔
خاتون نے گلوکار کو ویڈیو کال پر موجود اپنی بہن سے بات کرنے کو کہا جو کہ ان کی بہت بڑی مداح نکلیں۔
عاطف اسلم نے مداح سے ویڈیو کال پر بات کی تو مداح حیران ہو گئیں، انہوں نے ویڈیو کال پر اپنی بہن کے ساتھ اچانک گلوکار کو دیکھا تو یقین ہی نہیں کر پا رہی تھیں کہ واقعی ان کی ویڈیو کال پر اپنے پسندیدہ گلوکار سے بات ہو رہی ہے۔
گلوکار نے مداح کی بے یقینی کو دیکھ کر ہنستے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جس سے آپ کی بات ہو رہی ہے، یہ اصلی عاطف اسلم نہیں ہے بلکہ اس کا اے آئی ورژن ہے۔
عاطف اسلم نے ویڈیو کال پر مداح سے مختصر لیکن دلچسپ گفتگو کے بعد کہا کہ اپنا خیال رکھیں، اللّٰہ حافظ۔
گلوکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔