• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا گیا

آزاد کشمیر کی حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا۔ 

اس حوالے سے  آزاد کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے کام کرنے والی تنظیم کو فرسٹ شیڈول میں شامل کردیا گیا، تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے تنظیم کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی، تنظیم کے خلاف امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے معقول شواہد ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تنظیم ریاست میں انتشار پیدا کرنے، عوام کو خوفزدہ، معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں ملوث ہے۔ تنظیم پر نفرت کو فروغ دینے اور امن کو متاثر کرنے کے الزامات ہیں۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے ایکشن کمیٹی کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کردیے، کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

حکومت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ ریاست میں امن، قانون کی عملداری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، کسی تنظیم کو امن، سلامتی اور ریاستی نظم خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید