بھارتی ریاست مہاراشٹر سے ایک کم عمر فٹبال کھلاڑی کے ساتھ 3 سال تک مبینہ جنسی زیادتی کا سنگین اسکینڈل سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے کم عمر کھلاڑی کو دھوکا دینے اور زیادتی کے الزام پر 36 سالہ فٹبال کوچ ابھجیت منڈل کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے 2023ء میں وسئی میں واقع کوچ کی فٹبال اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
پولیس کو شکایت میں بتایا گیا ہے کہ کوچ نے پہلے لڑکی کا اعتماد حاصل کیا اور پھر فٹبال میں بڑے مواقع دلانے کا لالچ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوچ پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ 3 سال کے دوران متعدد بار لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، اس دوران اس نے لڑکی کی قابلِ اعتراض ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں جنہیں بعد میں بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق جب اس نے کوچ سے دوری اختیار کرنے کی کوشش کی تو اس نے دھمکی دی کہ اگر اس کی بات نہ مانی گئی تو ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جائیں گی۔
متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مسلسل ذہنی دباؤ اور ہراسانی سے تنگ آ کر میں نے اپنے اہلِ خانہ کو تمام واقعے سے آگاہ کیا، بعد ازاں خاندان کے پولیس سے رابطہ کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔