برطانیہ کی ایک عدالت نے بھارتی نژاد 34 سالہ گگن دیپ سنگھ کو خاتون کے اغواء، اس پر بہیمانہ تشدد اور زیادتی کرنے کے جرم میں 34 سال قید کی سزا سنا دی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عدالت میں ثابت ہوا ہے کہ 24 سالہ متاثرہ خاتون کو جون 2024ء میں برمنگھم ہوائی اڈے سے زبردستی لندن منتقل کیا گیا جہاں مغویہ کو ایک مکان میں ایک دن سے زائد عرصے تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران اسے مارا پیٹا گیا، جلایا گیا، کوڑے مارے گئے اور متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
میٹ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کیا گیا تاہم بعد میں اس نے موقع ملنے پر اپنی والدہ کو تمام واقعہ بتا دیا۔
متاثرہ خاتون کی والدہ نے پولیس کو اطلاع دی اور شکایت درج کروائی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
برطانوی عدالت نے ملزم کو 28 سال قید اور 6 سال توسیعی نگرانی کی سزا سنائی ہے، مجرم کم از کم 18 سال قید کاٹنے کے بعد ہی پیرول کے لیے اہل ہو سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے عدالت سے انصاف ملنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ متاثرین کو شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے بلکہ ایسے جرائم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔