• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسر کا گووند نام دیو سے 7 دن میں معافی و 50 لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بالی ووڈ فلم ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسر امیت جانی نے سینئر اداکار گووند نام دیو کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔ 

بھارتی میڈیا کےمطابق نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 7 دن کے اندر عوام کے سامنے معافی مانگیں اور پروڈکشن ہاؤس کو 50 لاکھ روپے جرمانہ ادا کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب گووند نام دیو نے فلم کا ٹیزر دیکھنے کے بعد دعویٰ کیا کہ مجھے فلم کی اصل کہانی سے لاعلم رکھا گیا اور جو فلم بنائی گئی وہ میرے علم میں لائی گئی کہانی سے بالکل مختلف ہے۔

اداکار کے مطابق مجھے ابتداء میں بتایا گیا تھا کہ فلم کا نام ’سنبھل‘ ہے اور میرا کردار صرف عدالتی مناظر تک محدود ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ فلم میں سلمان خان سے مشابہ ایک کردار بھی شامل کیا جائے گا۔

دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کا کہنا ہے کہ گووند نام دیو ناصرف کالا ہرن کا حصہ بننے پر رضا مند ہوئے تھے بلکہ اس کے سیکوئل میں کام کرنے پر بھی آمادہ تھے۔

ادھر سلمان خان نے بھی دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم مجھ سے منسوب الزامات پر مبنی ہے اور میرے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔

کیس کی سماعت 19 جون کو متوقع ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید