• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ڈی بی کی شعبۂ انشورنس کی اصلاحات کیلئے 700 ملین ڈالرز کے قرض کی منظوری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں انشورنس کے شعبے کی اصلاحات کے لیے 700 ملین ڈالرز کے پالیسی پر مبنی قرض کی منظوری دے دی۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق پروگرام کا مقصد انشورنس کوریج کو وسعت دینا اور تحفظ میں موجود خلاء کو کم کرنا ہے، پروگرام نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام پاکستان کی مالیاتی مضبوطی کو مستحکم کرے گا، پروگرام کے تحت گھریلو صارفین، کاروبار، کسانوں اور عوامی مالیات کو شدید موسمی حالات، قدرتی آفات اور دیگر خطرات کے خلاف مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ اصلاحات سے مالیاتی کمزوریوں میں کمی، بحرانوں سے تیزی سے بحالی اور عوامی مالیات پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے، پروگرام پاکستان کے انشورنس کے شعبے کو قواعد پر مبنی نظام سے خطرات پر مبنی اور مارکیٹ پرمبنی نظام میں تبدیل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اصلاحات ترقی کے لیے طویل المدتی سرمایہ متحرک کرنے اور زیادہ جامع و مضبوط انشورنس مارکیٹ کےقیام میں مدد دیں گی، پاکستان میں انشورنس کی رسائی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا صرف 0.7 فیصد ہے۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق بہت سے گھرانے، کاروباری ادارے اور کسان ماحولیاتی، صحت سے متعلق اور اقتصادی جھٹکوں کے مقابلے میں مالی طور پر غیر محفوظ ہیں، قرض جامع مضبوطی کے اقدامات اور قدرتی آفات سے متعلق مالیاتی انتظامات کی حمایت کرے گا، جامع اور ہنگامی حالات سے ہم آہنگ انشورنس مصنوعات خصوصاً کسانوں، خواتین اور کمزور گھرانوں کے لیے فروغ دی جائیں گی، خواتین اور لڑکیوں کی ضروریات کے مطابق انشورنس حل کو فروغ دیا جائے گا۔

تجارتی خبریں سے مزید