• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ڈی بی کی نئی 5 سالہ حکمت عملی لانچ، معیشت میں بہتری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کا اعلان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 2026ء سے 2030ء تک کی نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی لانچ کر دی، جس میں آئندہ 5 سال کے دوران معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پیش کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئی حکمت عملی میں 3 اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس میں نجی شعبے کی ترقی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جبکہ اس کے ساتھ نجی شعبے کی شمولیت، بااختیار بنانے اور معاشی لچک و پائیداری کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق حکمت عملی میں اچھی طرز حکمرانی، ڈیجیٹل تبدیلی اور صنفی برابری کو بھی کلیدی اہمیت دی گئی ہے، جبکہ پاکستان میں معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ یہ حکمت عملی پاکستان کے ساختی مسائل کے حل کے لیے تیار کی گئی ہے اور اس کا مقصد مضبوط اور دیرپا معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔

مزید کہا گیا کہ پاکستان نے بیرونی معاشی دباؤ کے باوجود اپنی معیشت کو کسی حد تک سنبھالا ہے اور اہم اصلاحات کا آغاز بھی کیا ہے، جبکہ نئی حکمت عملی میں برآمدات اور سرمایہ کاری پر مبنی ترقی پر زور دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق عوامی مالیاتی نظام کی بہتری، کاروباری ماحول کو سازگار بنانے اور نجی شعبے کے فروغ کو کلیدی حیثیت حاصل ہوگی جبکہ معدنیات، ریلوے، ملٹی موڈل رابطہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں مواقعوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اے ڈی بی نے کہا کہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پالیسی اصلاحات، مالی معاونت، تکنیکی مدد اور علمی تعاون پر مبنی مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پائیداری اور لچک کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ حکمت عملی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان 1966ء سے ایشیائی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے اور اب تک اسے 58.6 ارب ڈالر سے زائد کی مالی معاونت اور قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید