• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کا نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر کی گئی ہے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی جبکہ درست امیدواران کی فہرست اسی روز جاری کردی جائے گی۔ 

ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 تا 28 جون دائر کی جاسکیں گی۔ الیکشن کمیشن اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو کرے گا۔ اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدواران کی فہرست 4 جولائی کو شائع کی جائے گی۔

انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست انتخابی نشانات کیساتھ 5 جولائی کو جاری ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔ 

پونچھ (راولاکوٹ) کے امیدوار کاغذات نامزدگی متعلقہ آر او کو جمع کروائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی ضلع پونچھ میں ہی ہوگی۔

ترجمان آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی درخواست پر نامزدگی فارمز جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔ 

ترجمان کے مطابق عوامی سہولت اور امیدواروں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں ترمیم کی ہے۔ امیدوار مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر کاغذات نامزدگی جمع کروانا یقینی بنائیں۔

قومی خبریں سے مزید