پاکستان ٹیلی وژن کے نامور اور لیجنڈ اداکار شفیع محمد شاہ کی بیٹی نے اپنے والد کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان کی شادی کی ایک دلکش تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر متحرک رہنے والی مرحوم اداکار کی بیٹی نے یادگار تصویر کے ساتھ ایک دلچسپ قصہ بھی شیئر کیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میری والدہ کو اپنی شادی کے دن اپنا کا میک اپ پسند نہیں آیا، چنانچہ وہ واپس گھر آئیں، سارا میک اپ دھو ڈالا اور پھر میری خالہ نے ان کا دوبارہ میک اپ کیا، دوسری جانب میرے والد اتنے پُرسکون تھے کہ تقریب میں اپنے خاندان اور بیشتر مہمانوں سے بھی پہلے پہنچ گئے۔
انہوں نے لکھا کہ میری والدہ کے ماموں جو فوج میں تھے اور نہایت رعب دار شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے میرے والد کو دیکھ کر مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’آپ یہاں اکیلے کیوں آگئے ہیں؟‘ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس پر سب بے اختیار مسکرا اٹھے، دولہا اتنی جلدی پہنچ چکا تھا کہ گویا سب کا انتظار کر رہا ہو۔
اداکار کی بیٹی نے بتایا کہ تصویر میں میرے والد جس ننھی بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے ہیں، وہ میری والدہ کی خالہ کی بیٹی ہے، بہت کم عرصے میں وہ میری والدہ کے خاندان کا ایسا حصہ بن گئے تھے جیسے ہمیشہ سے اسی خاندان سے تعلق رکھتے ہوں، یہ 1984ء کی بات ہے، زندگی یقیناً مکمل نہیں تھی، لیکن انسانی رشتوں میں ایک ایسی سادگی اور خلوص تھا جو آج بہت کم دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ میری خواہش ہے کہ ہم دوبارہ اسی دنیا کی طرف لوٹ سکیں، جہاں فریب کے بجائے سچائی، سہولت کے بجائے وفاداری، انا کے بجائے احترام، بے مقصد مصروفیات کے بجائے حقیقی گفتگو اور صرف ایک کپ چائے پر مل بیٹھنے کی خوشی ہوا کرتی تھی، مجھے امید ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی ایک دن اس دنیا کو جان سکیں گی، کیونکہ فی الحال تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم اسے کہیں پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔
شفیع محمد شاہ کی شادی کی اس یادگار تصویر کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے، صارفین ناصرف اس خوبصورت یاد کو سراہ رہے ہیں بلکہ شفیع محمد شاہ کی وجیہہ شخصیت اور دلکش انداز کی بھی تعریف کر رہے ہیں۔
متعدد مداحوں کا کہنا ہے کہ ماضی کا دور زیادہ پُرسکون تھا اور 80ء اور 90ء کی دہائی میں پروان چڑھنے والی نسل نے نسبتاً سادہ، پُرخلوص اور پُرسکون زندگی کا تجربہ کیا۔