بالی ووڈ فلموں کے معروف اداکار پرکاش راج نے بھارت کی ابھرتی ہوئی جین زی پارٹی کاکروچ جنتا پارٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پرطنز کے تیر برسادیے، انہوں نے ایک مقامی چائے والے کو چائے کمپنی کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے کاروباری انیکیت پاٹل، جو جنتر منتر پر مظاہرین کو چائے فراہم کر رہے تھے، ان کے گھر اور گودام پر دہلی پولیس نے جا کر پوچھ گچھ کی۔
سی جے پی بانی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پرکاش راج نے لکھا کہ ’کیونکہ وہ ایک معروف چائے کمپنی کیلئے خطرہ ہے، اسی لیے اس کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، ابھیجیت تم اپنی جدوجہد جاری رکھو ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
خیال رہےکہ بھارت میں امتحانی پرچے لیک ہونے اور بے ضابطگیوں کے خلاف نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی نے پہلے سوشل میڈیا پر مہم چلائی اس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے، جس میں بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔