• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔ ’’یقیناً تمہارے لیے رسولﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔‘‘ ایمان کی تکمیل کے لیے بھی لازم ہے، انسان ساری کائنات سے زیادہ محبوب، آپﷺ ہی کی شخصیت کو رکھے۔

تو آئیے، ہم سب اپنی محبوب شخصیت حضرت محمّدﷺ کو بنائیں اور اپنی پسند و ناپسند وہی کر لیں، جو نبیﷺ کی تھی۔ ذیل میں چند اُن باتوں، اعمال کا انتخاب کیا گیا ہے، جو رسول اللہﷺ کے پسندیدہ تھے۔

٭میرے نبی ﷺ کو نفلی نماز گھر میں پڑھنا پسند تھا۔

٭نبی ﷺ کو فجر سے قبل کی دو سُنتیں، دنیا جہاں میں جو کچھ ہے، اُس سے زیادہ پسند تھیں۔

٭آپ ﷺ عشاء کی نماز دیر سے پڑھنا (دن بھر کے آخری عمل کے طور پر) پسند فرماتے تھے۔ ویسے آپ ؐ کو یہ بات پسند تھی کہ جیسے ہی نماز کا وقت ہو، فوراً پڑھ لی جائے۔

٭رسول ﷺشعبان میں روزے رکھنا پسند کرتے تھے۔ رسولؐ کو سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھنا بہت پسند تھا۔

٭سبحان اللہ، الحمدُللہ، لالہ الہ الااللہ اور اللہ اکبر، یہ چار کلمات بہت پسند تھے۔

٭ہمیشہ اللہ کا ذکر کرتے رہنا بےحد پسند تھا۔

٭دوسروں سے قرآن سُننا پسند فرماتے تھے۔

٭آپ ؐ کی سب سے پسندیدہ سورۃ، سورۃ الفتح تھی۔

٭رسولؐ جامع دُعائیں پسند فرماتے تھے۔

٭رسولؐ کو پسند تھا کہ وہ عید والے دن اپنے اہلِ خانہ اور تمام گھر والوں کے ساتھ عیدگاہ جائیں۔

٭آپؐ کو سفید اور سبزی مائل رنگ پسند تھے۔ دھاری دار چادر پہننا پسند فرماتے تھے۔

٭آپ ؐ کو دودھ پینا اور ٹھنڈا، میٹھا پانی بہت پسند تھا۔ بکری کا گوشت، کدّو، شہد، مکھن اور کھجور کھانا پسند فرماتے تھے، جب کہ گوشت کا شوربا اور ثرید بہت مرغوب تھے۔

٭رب کا شُکر ادا کرنا انتہائی پسندیدہ عمل تھا۔

٭جہاد فی سبیل اللہ میں جانا پسند تھا۔

٭سچ بولنا، امانت کی ادائی، اچھی ہم سائیگی بےحد پسند فرماتے۔

٭اچھے خواب آپؐ کو بہت پسند تھے۔

٭ہمیشگی والا عمل پسند کرتے تھے۔

٭دائیں جانب کو ہرممکن حد تک ہر معاملے میں پسند فرماتے۔

٭شہروں میں سے مکّہ اور مدینہ بہت پسند تھے۔

٭اچھے اخلاق والے لوگ بےحد پسند آتے تھے۔

(سید حبیب جاوید شاہ،تحصیل چونیاں، ضلع قصور)

سنڈے میگزین سے مزید