• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالدہ سمیع، سعدی ٹاؤن، کراچی

آڑو ایک ذائقے دار اور صحت بخش پھل ہے، جو موسمِ گرما میں بہ کثرت دست یاب ہوتا ہے۔ یہ حُسن افزا ہونے کے ساتھ نہایت فرحت بخش بھی ہوتا ہے۔ آڑو میں آئرن یعنی فولاد کی کافی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس کا گُودا جگر کے لیےخاصا مفید ثابت ہوتا ہے۔

اگر آڑو بہت زیادہ پکا ہوا ہو اور آپ اُسے نہ کھانا چاہیں، تو پھینکنے سے بہتر ہے کہ اُس کا گُودا چہرے پر مَل لیں اور15 سے 20 منٹ تک یہ لیپ چہرے پر لگا رہنے دیں۔ پھر سادہ پانی سے چہرہ دھولیں۔ یوں چند ہی منٹوں میں آپ کے چہرے کی جِلد نرم و ملائم اور شاداب ہو جائے گی۔

طبِ نبویؐ کے مطابق گرم مزاج کے حامل افراد کے لیے آڑو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہترین تحفہ ہے۔ یہ رگوں کی سختی دُور کر کے خون کی روانی اور بلڈ پریشر معتدل رکھتا ہے۔

علاوہ ازیں، یہ اپنے قبض کُشا اثرات کی وجہ سے نظامِ ہاضمہ سے زہریلے فضلات خارج کر کے پیٹ کےکیڑوں کا صفایا کرتا ہے اور آئندہ کےلیےان کی افزائش روکتا بھی ہے۔ آڑو گرمی کے بخار میں بھی خاصا مفید ثابت ہوتا ہے۔ بخار میں میٹھا آڑو کھانے سے مزاج میں فوری طور پر تازگی آجاتی ہے۔

مزید برآں، جن افراد کو گرمیوں میں بُھوک نہ لگتی ہو، بہت زیادہ پیاس لگتی ہو، قبض کی شکایت رہتی ہو اور چڑچڑا پن بڑھ جاتا ہو، تو اُن کے لیے بھی یہ پھل کسی نعمت سے کم نہیں، نیز معدے کی تیزابیت کے شکار افراد بھی اس پھل سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکتے ہیں، کیوں کہ یہ جسم میں صاف اور نیا خُون پیدا کرتا اور معدہ وجگر کوتقویت فراہم کرتا ہے۔ اس کے کھانے سے خُون کی گرمی رفع اور گرمی سے ہونے والی گھبراہٹ بھی دُور ہو جاتی ہے۔

آڑو میں کیلوریز کے علاوہ پروٹین، کیلشیم، میگنیشیم، فولاد، فاسفورس، پوٹاشیم اور سوڈیم پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ وٹامن اے اور سی کا بھی حامل ہوتا ہے، جب کہ اس کا ایک اہم کیمیائی جُزو، بورون خُون میں ایسٹروجن کی سطح بڑھاتا ہے۔

یاد رہے، ایسٹروجن نامی نسوانی ہارمون کی کمی خواتین میں ہڈیوں کی کم زوری کا سبب بنتی ہے، جب کہ بورون جسم سے کیلشیم کے زیاں کو روکتا ہے۔ علاوہ ازیں، یہ پھل گُردے اور مثانے کی پتھری کے اخراج میں بھی مدد دیتا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید