2025 کی جنوبی بھارت کی تیلگو رومانوی فلم دی گرل فرینڈ کے ہدایتکار راہول رویندرن نے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد اپنا ایکس اکاؤنٹ بند کردیا۔
چنئی (تامل ناڈو) سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ راہول رویندرن کے مطابق ایک نفرت انگیز پوسٹ نے انھیں خاصا پریشان کیا ہے اور اس کے باعث وہ شدید غصے اور خوف کا شکار ہو گئے۔
ان کے مطابق، اس واقعے کے بعد ان کے ذہن میں ایسے خیالات آنے لگے جنہوں نے انہیں خوفزدہ کردیا۔ انھوں نے کہا اگرچہ وہ کھیلوں کی خبریں اور اپ ڈیٹس دیکھنے کے لیے باقاعدگی سے ایکس استعمال کرتے تھے، لیکن اپنے بچوں کو دی جانے والی دھمکیوں کے بعد انہوں نے اس پلیٹ فارم سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔
آن لائن تنازع نے اس وقت شدت اختیار کیا جب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے فلم دی گرل فرینڈ کو پونے میں پیش آنے والے کیتن اگروال قتل کیس سے جوڑنا شروع کر دیا۔ تاہم، راہول رویندرن نے بعد میں واضح کیا کہ ان کی فلم کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انھوں کہا وہ برازیل اور جاپان کا میچ دیکھ رہے تھے، تب انھوں نے فٹبال سے متعلق ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ دیکھنے کے لیے ایپ کھولی تو وہاں ان کی نظر ایک ٹویٹ پر پڑی۔جسے دیکھ کر ان کے اندر شدید جذباتی ردعمل پیدا ہوا اور خوفناک خیالات آنے لگے۔
انکے مطابق میرا سر غصے سے گھوم رہا تھا۔ میں کافی دیر تک ٹی وی کے سامنے بیٹھا رہا، میچ چل رہا تھا مگر میری توجہ اس پر نہیں تھی۔ اس واقعے نے احساس دلایا کہ مجھے ایکس کو ہمیشہ کے لیے چھوڑدینا چاہیے۔