پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ان دنوں جگن کاظم اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ نتھیا گلی کی سیر پر ہیں۔ سفر کے دوران انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے نتھیا گلی کے خوبصورت قدرتی مقامات پر پھیلی گندگی پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے سیاحوں اور مقامی افراد سے اپیل کی کہ پکنک کے بعد کچرا کھلی جگہوں پر پھینکنے کے بجائے مناسب طریقے سے تلف کریں۔
ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے جگن کاظم نے کہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ لوگ ہر جگہ کچرا پھیلا رہے ہیں۔ میں جب سے نتھیا گلی آئی ہوں، ہر طرف گندگی ہی نظر آ رہی ہے۔ آپ خود بھی یہ صورتحال دیکھ سکتے ہیں۔ آخر لوگ اپنے ساتھ ایک تھیلا کیوں نہیں رکھتے تاکہ اپنا کچرا اس میں جمع کریں اور مناسب جگہ پر جا کر تلف کریں؟
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں عام طور پر اس انداز میں بات نہیں کرتی لیکن یہ واقعی ناقابلِ برداشت ہے۔ پھر ہم اپنے ہی ملک کو برا بھلا کہتے ہیں۔ آخر ہم اپنے شہروں اور سیاحتی مقامات کو صاف کیوں نہیں رکھ سکتے؟ ہم ہمیشہ نظام، موسم اور قدرتی حالات پر تنقید کرتے ہیں لیکن اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔
اداکارہ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کی ایک بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم ماحول اور اللّٰہ تعالیٰ کی عطا کردہ ان خوبصورت نعمتوں کی حفاظت نہیں کر رہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ماحول کے تحفظ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے پر جگن کاظم کی تعریف کی۔ تاہم بعض صارفین کا کہنا تھا کہ حکومت کو بھی دیگر ممالک کی طرح عوامی مقامات پر مناسب تعداد میں ڈسٹ بنز نصب کرنے چاہئیں تاکہ صفائی برقرار رکھنے میں شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔