پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے اپنے مقبول گیت ’راوی‘ ایک بھارتی ٹی وی ریئلٹی شو میں پیشکش کے بعد کاپی رائٹ سے متعلق وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے کسی بھی بھارتی ٹی وی چینل کو اپنے گانوں کے استعمال یا ان کے کاپی رائٹ سے متعلق کوئی اجازت نہیں دی۔
سجاد علی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بھارتی گلوکاری کے ریئلٹی شو وائس آف پنجاب ماسٹر چیمپس کے سیزن 10 میں ان کے گیت کی پیشکش سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
ویڈیو کے آغاز میں انہوں نے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جو میرے گانے سنتے اور پسند کرتے ہیں، خصوصاً وہ لوگ جو میرے گانوں کے کور ورژن بناتے ہیں۔ جب بھی ایسی ویڈیوز مجھ تک پہنچتی ہیں، میں انہیں دیکھتا ہوں اور اکثر ان پر اپنے تاثرات بھی دیتا ہوں۔
سجاد علی نے بتایا کہ میں نے حالیہ دنوں میں کچھ ایسی باتیں سنی جن کی وجہ سے یہ وضاحتی ویڈیو ریکارڈ کرنا ضروری سمجھا۔ حال ہی میں میں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں بھارت کے ایک پنجابی ٹی وی پروگرام میں دو کم عمر بچوں نے میرا گیت راوی پیش کیا۔
گلوکار نے کہا کہ اس پیشکش کے بعد پاکستان میں یہ تاثر دیا جانے لگا کہ میں نے پاکستان آئیڈل میں بچوں کو اپنے گانے گانے کی اجازت نہیں دی لیکن ایک بھارتی چینل کو اجازت دے دی۔
انہوں نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے گانوں کا کاپی رائٹ کسی بھی بھارتی چینل کو نہیں دیا۔ وہ ہمارا گانا بغیر اجازت استعمال کر رہے ہیں، نا انہوں نے ہم سے اجازت لی اور نا ہی کسی قسم کی منظوری حاصل کی، انہوں نے گانا براہِ راست نشر کر دیا، اب میری قانونی ٹیم اس معاملے میں متعلقہ چینل سے رابطہ کرے گی۔
انہوں نے پاکستان آئیڈل سے متعلق ماضی کے تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے میرے مؤقف کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ میری باتوں کو توڑ مروڑ کر بیان کیا گیا، جس پر مجھے بہت افسوس ہے۔