امریکی سپر ماڈل کارلی کلوس نے واضح کیا ہے کہ خاندانی رشتہ ہونے کے باوجود میری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔
بلوم برگ اوریجنلز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کارلی کلوس نے کہا کہ میں صدر ٹرمپ سے کبھی نہیں ملی۔
انہوں نے اپنے شوہر کے خاندان کی سیاسی وابستگی سے متعلق سوال پر کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میں کون ہوں، میری زندگی کن اقدار پر قائم ہے اور کون سے مسائل میرے لیے اہم ہیں، میں نے کبھی اپنی شناخت نہیں کھوئی، تاہم یہ میرے شوہر کا خاندان ہے۔
33 سالہ ماڈل نے بتایا کہ میں ریپبلکن پارٹی کی حمایت نہیں کرتی بلکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ووٹر ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے افراد کے ساتھ تعلقات رکھنا ممکن ہے اور امریکا ہمیشہ مکالمے اور اختلافِ رائے کے احترام کی روایت رکھتا آیا ہے۔
واضح رہے کہ کارلی کلوس نے 2018ء میں جوشوا کشنر سے شادی کی تھی، جو ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے بھائی ہیں۔