امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتداء میں دونوں نے اپنی شادی رہوڈ آئی لینڈ میں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن مبینہ طور پر مقام کی تفصیلات منظرِ عام پر آنے کے بعد منصوبہ تبدیل کر دیا گیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اب شادی کے لیے نیویارک سٹی کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن کا انتخاب کیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 2 سے 4 جولائی کے دوران اس مقام پر ایک بڑے ایونٹ کے لیے اجازت نامے کی درخواست سامنے آئی، جبکہ قریبی سڑکیں بند کرنے کا بھی منصوبہ بتایا گیا ہے۔
رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ تقریب سے قبل تقریباً 100 مہمانوں کے لیے ریہرسل ڈنر رکھا جائے گا، جبکہ شادی اور استقبالیے کی تفصیلات بھی سوشل میڈیا اور بعض امریکی میڈیا اداروں میں زیرِ گردش ہیں۔
واضح رہے کہ ریہرسل ڈنر بنیادی طور پر مغربی ثقافت خصوصاً امریکا و یورپ میں شادی کی ایک اہم رسم یا تقریب ہے، جو عام طور پر شادی کے اصل دن سے ایک رات پہلے منعقد کی جاتی ہے، جس کے دوران شادی کے اصل دن سے پہلے دولہا، دلہن اور ان کے قریبی دوست و رشتے دار شادی کی جگہ پر جا کر پوری تقریب کی ریہرسل کرتے ہیں کہ کس کو کہاں کھڑا ہونا ہے، کیسے چلنا ہے اور کب کیا کرنا ہے تاکہ اصل دن کوئی گڑبڑ نہ ہو، اس ریہرسل کے فوراً بعد ریہرسل میں شامل تمام مہمانوں کے لیے ایک ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے، جسے ریہرسل ڈنر کہتے ہیں۔
اس تقریب میں شادی کے عام مہمانوں کو نہیں بلایا جاتا، صرف انتہائی قریبی لوگ دولہا اور دلہن کے والدین، بہن، بھائی اور وہ قریبی دوست جو شادی کے انتظامات یا رسومات میں براہِ راست حصہ لے رہے ہوں شرکت کرتے ہیں۔