معروف بالی ووڈ اداکارہ ایشا کوپیکر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ریل شیئر کرتے ہوئے فلم انڈسٹری میں بڑھتی عمر کے حوالے سے مرد اور عورت کے درمیان جاری دہرے معیار پر پھٹ پڑیں۔
انہوں نے انڈسٹری کے اس رواج پر سخت سوال اٹھائے ہیں جہاں عمر رسیدہ ہیرو اپنے سے آدھی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ فلموں میں رومانس کرتے نظر آتے ہیں۔
ریل میں ایشا نے کہا کہ کیا یہ عجیب نہیں؟ مرد کی عمر بڑھے تو اسے 'تجربہ' کہا جاتا ہے، اور عورت کی عمر بڑھے تو اسے 'مسئلہ' بنا دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلموں میں ہیروز اپنے سے آدھی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ عشق لڑاتے ہیں اور وہ سب کے ہیرو بن جاتے ہیں، اسے بہت نارمل سمجھا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی عورت عمر کے اس حصے میں بھی اسٹائلش رہے اور اپنی مرضی سے جیے، تو اسے طنزاً کہا جاتا ہے کہ 'اپنی عمر کے حساب سے رہا کرو'۔
ان کا کہنا تھا کہ سچ تو یہ ہے کہ وقت کے ساتھ عورت کم نہیں بلکہ مزید گہری اور مضبوط ہوتی ہے۔ چہرے کی جھریاں صرف عمر نہیں، اس کی جدوجہد اور طاقت دکھاتی ہیں۔
انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ عورت کی عزت کی کوئی 'ایکسپائری ڈیٹ' نہیں ہوتی، اس لیے کسی خاتون کو اس کی عمر سے نہیں بلکہ اس کے خوبصورت سفر اور طاقت سے پہچانیں۔