مصنّف: عبدالغفور چوہدری
صفحات: 242، قیمت: 3000روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹر نیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
اگر زیرِ نطر کتاب کے مصنّف کا مکمل تعارف پیش کیا جائے، تو اس کے لیے کئی صفحات درکار ہوں گے، جب کہ اختصار ہماری مجبوری ہے۔ عبدالغفور چوہدری کی زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت ہے، وہ کئی سرکاری عُہدوں پر فائز رہنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے عُہدے تک پہنچے اور جہاں بھی گئے، اپنی دیانت داری کے گہرے نقوش چھوڑے۔ اُن کے اندازِ تحریر میں بھی اُن کی بے باکی نمایاں ہے۔ اُن کی خودنوشت’’سپاہی سے ڈپٹی کمشنر تک‘‘ 2024ء میں منظرِعام پر آئی تھی، جب کہ اُن کی زیرِ نظر کتاب اُن کالمز کا مجموعہ ہے، جو اُنہوں نے تواتر کے ساتھ پاکستان کے ایک بڑے اخبار کے لیے لکھے۔
مصنّف ممتاز دانش وَر اور سینئر صحافی، مجیب الرحمٰن شامی سے بے حد متاثر ہیں، اِسی لیے اُنہوں نے کتاب کا انتساب، شامی صاحب کے نام کیا ہے۔ چوہدری صاحب نے اعتراف کیا کہ ’’مجیب الرحمان شامی کی شفقت، پیار اور سرپرستی میرے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوئی اور مَیں کالم لکھنے اور اپنے مطبوعہ کالمز کی یہ کتاب مکمل کرنے کے قابل ہوا۔‘‘ یہ کتاب 67 ابواب پر مشتمل ہے۔ ہر کالم حب الوطنی اور دینی حمیّت سے عبارت ہے۔
دنیا کے تقریباً ہر ہی موضوع پر اُن کا کالم موجود ہے۔ اِس دَور میں سچّائی کا برملا اظہار کرنا ہمارے نزدیک ’’جہاد‘‘ ہے اور یہ فریضہ چوہدری صاحب نہایت خوش اُسلوبی سے انجام دے رہے ہیں۔ صاحبِ کتاب کا تعارف، قلم فائونڈیشن کی روحِ رواں، علّامہ عبدالستّار عاصم نے تحریر کیا ہے اور اُنہوں نے مصنّف کی زندگی کا کوئی پہلو مخفی نہیں رکھا۔ یہ ایک کتاب ہی نہیں، چوہدری صاحب کی جہدِ پیہم کی داستان بھی ہے، جسے پڑھ کر خوشی بھی ہوتی ہے اور رشک بھی آتا ہے۔