مصنّفہ: حمیرا اطہر
صفحات: 144، قیمت: 1200 روپے
ناشر: ربّ پبلشرز
فون نمبر: 2535486- 0301
زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ سینئیر صحافی کی حیثیت سے اپنی نمایاں شناخت رکھتی ہیں۔ کئی بڑے اخبارات وجرائد سے وابستہ رہیں اور لکھنا، پڑھنا آج بھی ان کا محبوب مشغلہ ہے،جب کہ اُنہیں ادبی ذوق بھی وَرثے میں ملا ہے۔ ان کے والد، ڈاکٹر اطہر نادر اپنے دَور کے نہایت ممتاز و معتبر شاعر تھے۔
حمیرا اطہر نے دنیائے بینکاری کی پہلی خاتون صدر، اکرم خاتون کی خُود نوشت مرتّب کرکے ایک ایسا کارنامہ سرانجام دیا ہے، جس کی تاریخی حیثیت نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔ اِس خُود نوشت کے لیے اُنھوں نے اکرم خاتون سے9ملاقاتیں کیں، جس میں اُنہوں نے بہت تفصیل کے ساتھ، اُن کے بچپن، تعلیمی ادوار، ملازمتوں اور پیشہ ورانہ جدوجہد کی تاریخ نہایت شائستہ انداز میں رقم کی۔
یہ کتاب پڑھ کر اندازہ ہوگا کہ اکرم خاتون نے جو بھی حاصل کیا، اپنی محنت، حوصلے اور دیانت سے کیا، باالفاظِ دیگر ’’میرٹ ‘‘پر کیا۔ یہاں تک کہ وہ ’’فرسٹ ویمن بینک‘‘ کی صدر مقرّر ہوئیں، تو اُس وقت کے اسٹیٹ بینک کے صدر، قاسم پاریکھ نے کہا کہ’’ مجھے خوشی ہے کہ اکرم خاتون اِس بینک کی پہلی صدر مقرّر ہوئیں، یہ پہلی تقرّری ہے، جو میرٹ پر ہوئی ہے۔‘‘
بچپن، ہجرت، تعلیم، ملازمت، بینکاری، فرسٹ ویمن بینک، ریٹائرمنٹ اور کام یابی کی منزلیں، یہ وہ موضوعات ہیں، جن پر کتاب کی عمارت کھڑی کی گئی، جب کہ ذیلی عنوانات ان کے علاوہ ہیں۔ حمیرا اطہر کی اِس کاوش سے متعلق طاہرہ رضا، عشرت عبدالصمد اور رشید بٹ کے مضامین بھی زیرِ نظر کتاب کی زینت ہیں، جب کہ ایک مضمون’’بے مثال خاتون‘‘ کے عنوان سے خود حمیرا اطہر کا بھی ہے۔