مصنّفہ: ناہید زبیری
صفحات: 112، قیمت: 400روپے
ناشر: سٹی بُک پوائنٹ، کراچی۔
زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ ناہید زبیری نے فزیالوجی کے شعبے میں کراچی یونی ورسٹی سے بی ایس سی آنرز اور ماسٹرز کے بعد اِس شعبے کے طلبہ کے لیے بنیادی سطح کی کتابیں شائع کیں۔ اُن کی ایک کتاب’’ پاکستان اور تلخ حقیقتیں‘‘ 2000ء میں شائع ہوئی۔ ہمارے پیش نظر اُن کی دوسری کتاب ہے، جو چھے ابواب پر مشتمل ہے۔
اکیسویں صدی کے 25سال گزر جانے کے باوجود بھی پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے، اُنہیں پیشِ نظر رکھتے ہوئے مسائل کا تجزیہ اور اُن کا بہتر حل اِس کتاب کا موضوع ہے۔ یہ کتاب پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات کے تناظر میں نہ صرف اہم ہے، بلکہ مایوس ذہنوں کے لیے اُمید کا چراغ بھی۔
مصنّفہ نے قوموں کے عروج و زوال پر فلسفیانہ بحث کے ساتھ، پاکستانی قوم کی نفسیات زیرِ بحث لاتے ہوئے زوال کے کچھ اسباب کی نشان دہی بھی کی ہے۔ کتاب کے آخری دو ابواب میں ریاست کے انتظامی امور اور اکیسویں صدی میں بڑھتے سماجی، معاشی اور سیاسی مسائل کے تناظر میں پاکستان کے مستقبل کے لیے تیاری کے موضوع کو کتاب کے ابتدائی ابواب کی روشنی میں وضاحت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ توقّع ہے کہ پاکستان کے مستقبل پر نظر رکھنے والے مفکّرین کے لیے یہ کتاب بہت حد تک مفید ثابت ہوگی۔