شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر باقر قالیباف اور دیگر شریک ہوئے۔
ایران کے شہید سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ میں 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
جنازہ گاہ اور تہران کی سڑکوں پر سیاہ لباس پہنے، انتقام اور انصاف کے حصول کی علامت سرخ پرچم لہراتے سوگواروں نے شہید رہبر کو الوداع کیا۔
کل صبح جنازے کا جلوس تہران سے قم جائے گا، تدفین سے پہلے آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت کو عراق کے شہر نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا، آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے رواں برس 28 فروری کو مشترکہ حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے سبب 8 مارچ کو یعنی تقریباً 1 ہفتے ہی میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا تھا تاہم شہید سپریم لیڈر کی فوری تدفین نہیں کی گئی تھی۔