• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رجب بٹ کا درفشاں سلیم سے شادی کی افواہیں پھیلانے والوں سے اظہارِ لاتعلقی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی اور اداکارہ درفشاں سلیم کی شادی سے متعلق زیرِ گردش افواہیں پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر میں نے نہیں پھیلائی، نہ درفشاں سے اور نہ ہی ایسی خبریں پھیلانے والوں سے میرا کوئی تعلق ہے۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر اداکارہ درفشاں سلیم اور رجب بٹ کی شادی سے متعلق خبریں بغیر کسی مستند ذریعے کے گردش کرنے لگی تھیں، بعد ازاں درفشاں سلیم اور رجب بٹ دونوں نے ان خبروں کی واضح طور پر تردید کی۔

رجب بٹ نے خود ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا، جبکہ درفشاں سلیم کی جانب سے ان کی اسٹائلسٹ نے وضاحت جاری کی۔

اب یوٹیوب پر 90 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے۔

انٹرویو میں انہوں نے ان افواہوں پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درفشاں سلیم میری سینئر ہیں، وہ ایک الگ شعبے سے تعلق رکھتی ہیں اور میرا ان سے کوئی تعلق نہیں، وہ اپنے شعبے میں بہترین کام کر رہی ہیں اور ایک باعزت شخصیت ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم ایسی کہانیاں کون گھڑتا ہے، ان کو بد دعا دینے کا بھی پتہ نہیں کون لوگ ہیں، میرا ان سے کوئی تعلق نہیں میں نے یہ نیوز پلانٹ نہیں کی۔

یوٹیوبر کے مطابق کچھ میگزینز نے یہ خبر پھیلائی تھی، ایک دن میری آنکھ کھلی تو دیکھا کہ یہ خبر وائرل ہو چکی ہے اور ہر کوئی مجھ سے اسی بارے میں پوچھ رہا ہے، لوگوں کے مسلسل پیغامات آ رہے تھے، پھر مجھے معلوم ہوا کہ بات درفشاں سلیم کی ہو رہی ہے، جنہوں نے بلال عباس کے ساتھ ایک ڈرامے میں کام کیا تھا۔

رجب بٹ نے مزید کہا ہے کہ یہ خبر پڑھ کر مجھے افسوس ہوا کیونکہ لوگ ایسی باتوں کی تصدیق بھی نہیں کرتے، میں نے اسی لیے وضاحت کی کیونکہ وہ ایک باعزت اور سینئر فنکارہ ہیں اور میں نہیں چاہتا تھا کہ اس بے بنیاد خبر سے انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا ان سے کوئی تعلق نہیں اور اس تنازع کے بعد بھی ان کی جانب سے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، کیونکہ یہ خبر سراسر بے بنیاد تھی۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید