محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے کراچی میں درجۂ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح یا رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
اس دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجۂ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں چلیں گی۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم عمرکوٹ اور تھرپارکر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔