پاکستانی اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن حنا خواجہ بیات نے زندگی میں عزیزوں کے بچھڑ جانے کے غم سے گزرنے والے افراد کے لیے حوصلہ افزا پیغام دیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
حنا خواجہ بیات نے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے والدین کے انتقال کے بعد اپنے شوہر کی جدائی کا صدمہ بھی برداشت کر چکی ہوں، جو کینسر کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد میری والدہ نے مجھے ایک ایسی بات سکھائی جو آج بھی میری زندگی کا اہم اصول ہے۔
حنا خواجہ بیات کے مطابق انسان کو ہمیشہ شکر گزاری کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو زندگی اللّٰہ نے آپ کے لیے لکھی ہے، وہ آپ کو گزارنی ہے، اس لیے ہر دن کو قبول کریں اور شکر گزار رہیں، کیونکہ شکر گزاری ہی زندگی کی اصل کنجی ہے۔
اداکارہ کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ حنا خواجہ بیات اندر اور باہر دونوں اعتبار سے بہت خوبصورت شخصیت ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ان کے الفاظ واقعی بہت خوبصورت اور حوصلہ دینے والے ہیں۔