وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب میں خوش نصیب شخص کو ٹیلیفون پر مبارکباد دی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب 30 ہزار افراد کو مبارکباد دیتی ہوں، زمین آپ کی ملکیت میں آگئی ہے، 20 سال کی لیز ہے، زمین کی جو فصل ہے وہ آپ کی ہے، فصل کی آمدنی آپ کی ہے، محنت بھی آپ کی ہے اور کمائی بھی آپ کی۔
مریم نواز نے کہا کہ تکلیف دہ عمل ہوتا ہےکہ آپ محنت کرتے ہیں اور فائدہ کوئی اور لے جاتا ہے، پانچ ایکڑ قابل کاشت زمین دی گئی ہے، جہاں جہاں قابل کاشت زمین ہے، وہ غریب طبقہ کو الاٹ کریں گے، زمین کی تیاری کیلئے حکومت 50 ہزار روپے فی ایکڑ فراہم کررہی ہے، ہر شعبے میں خواتین آگے بڑھ رہی ہیں، سو فیصد میرٹ پر قرعہ اندازی ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسان کو بااختیار بنایا جارہا ہے، زراعت کو آگے بڑھایا جارہا ہے، جنہیں کاشت کاری کا تجربہ نہیں انہیں پوری تکنیکی سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔