• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بونی کپور کی بیٹی انشولا رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

معروف فلمساز بونی کپور کی بیٹی اور اداکار ارجن کپور کی بہن انشولا کپور نے روہن ٹھکر کے ساتھ شادی کر لی، تقریب ممبئی میں قریبی اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں سادگی کے ساتھ منعقد ہوئی۔

انشولا کپور نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شوہر کیلئے ایک جذباتی پیغام کے ساتھ شیئر کی، اداکارہ نے کہا کہ "6 جولائی 2026 اتنے لوگوں، اتنی جگہوں اور اتنے وقتوں میں آخرکار تم ہی تھے۔ ہر موڑ، ہر حیرت اور ہر سفر کے بعد بھی تم ہی میری پسندیدہ گفتگو، میری محفوظ پناہ گاہ اور میرا آسان ترین انتخاب ہو۔

شادی کی تصاویر میں انشولا اور روہن کو منڈپ میں خوشگوار انداز میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ انشولا کی بہنیں جھانوی کپور اور خوشی کپور بھی شادی کی رسومات میں شریک رہیں۔

تقریب کا ایک جذباتی لمحہ وہ بھی تھا جب منڈپ کے قریب انشولا کی آنجہانی والدہ مونا کپور کی تصویر رکھی گئی، جس نے تقریب میں شریک افراد کو جذباتی کر دیا۔ 

ایک تصویر میں بہنیں جھانوی اور خوشی کپور دولہا اور دلہن کے دونوں طرف کھڑی دکھائی دیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ یہ سندور بھرنے کی رسم رواج کے مطابق ادا کی جا رہی ہے یا نہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انشولا اور روہن کو اہل خانہ کی موجودگی میں روایتی پھیرے لیتے دیکھا گیا، جبکہ شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد دونوں نے اپنی شادی کی قانونی رجسٹریشن بھی کروائی۔


تقریب میں انشولا کے چچا اور بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور سمیت کپور خاندان کے دیگر افراد بھی شریک ہوئے۔

انشولا اور روہن کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 جون کو ہوا تھا، جس کا اہتمام روہن ٹھکر کے اہل خانہ نے کیا تھا۔ دونوں کی پہلی ملاقات ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی۔ 

گزشتہ برس جولائی میں روہن نے نیو یارک کے مشہور سینٹرل پارک میں انشولا کو شادی کی پیشکش کی تھی، جبکہ اکتوبر 2025 میں دونوں کی منگنی کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید