پاکستانی اداکار حارث وحید نے اپنے اداکاری کے ابتدائی دنوں کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی کیمرے کے سامنے پہلی بار اداکاری کرتے ہوئے مجھے 47 سے بھی زیادہ ٹیک دینے پڑے تھے۔
جیو ٹی وی کے کامیڈی ٹاک شو ہنسنا منع ہے میں میزبان تابش ہاشمی نے حارث وحید سے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے کہ آپ نے اپنے پہلے ٹی وی سین میں اتنے زیادہ ٹیک دیے کہ ہدایت کار بھی پریشان ہو گئے تھے۔
اس پر حارث وحید نے ہنستے ہوئے بتایا کہ تھیٹر سے ٹیلی ویژن پر منتقل ہونا میرے لیے آسان نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا سین تھا اور مرکزی اداکارہ کا بھی ٹی وی پر پہلا دن تھا۔
اداکار کے مطابق بار بار ٹیک دینے پر ہدایت کار غصے میں آ گئے اور کہا کہ ان کا سامان پیک کرو اور انہیں گھر بھیج دو، یہ سن کر میں بہت خوفزدہ ہو گیا تھا۔
تابش ہاشمی نے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ کیا واقعی 47 ٹیک ہوئے تھے؟ جس پر حارث وحید نے اعتراف کیا کہ اصل تعداد اس سے بھی زیادہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی اور گھبراہٹ نے صورتِ حال مزید مشکل بنا دی تھی، میں اتنا پریشان تھا کہ پسینہ پونچھنے کے لیے ٹشو پیپر کے کئی ڈبے استعمال ہو گئے۔
حارث وحید نے کہا کہ اگلی شوٹنگ تک میں نے خود کو سنبھال لیا اور پھر آہستہ آہستہ ٹی وی اداکاری کی رفتار اور انداز سے ہم آہنگ ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج حالات مختلف ہیں اور ہدایت کار اداکاروں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ سیٹ پر ان کی تخلیقی تجاویز اور مکالموں میں رد و بدل کو بھی مثبت انداز میں قبول کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حارث وحید اس وقت پاکستان کے نمایاں اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، وہ متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ان دنوں بھی ڈراموں میں اپنی اداکاری پر مداحوں کی بھرپور پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔