• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کی خاطر کئی رشتے ٹھکرائے: فضا علی کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد میں نے دوبارہ شادی کا فیصلہ ضرور کیا تھا، تاہم کئی رشتے صرف اس لیے مسترد کر دیے کیونکہ سامنے والے خاندان میری بیٹی کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔

ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ سابق شوہر فواد فاروق سے علیحدگی کے بعد میں نے یہ فیصلہ نہیں کیا تھا کہ میں دوبارہ شادی نہیں کروں گی، میرے متعدد رشتے آئے اور ایک موقع پر میری منگنی بھی طے ہو گئی تھی، لیکن ہر بار ایسا محسوس ہوا کہ یہ درست فیصلہ نہیں۔

فضا علی نے بتایا ہے کہ اکثر رشتوں میں یہ شرط رکھی جاتی تھی کہ شادی کے بعد میری بیٹی فرال اپنے والد کے ساتھ رہے کیونکہ وہ ان کی ذمے داری ہے۔

اداکارہ کے مطابق میں نے ہر بار یہی جواب دیا کہ میں کسی بھی شخص کے لیے اپنی بیٹی کی قربانی نہیں دے سکتی، اگر کوئی میری بیٹی کو قبول نہیں کر سکتا تو میں بھی ایسے رشتے کو قبول نہیں کر سکتی۔

فضا علی نے بتایا کہ میں نے اپنے موجودہ شوہر اعجاز سے اپنی ماضی کی زندگی، رشتوں اور منگنی سمیت ہر بات کھل کر شیئر کی تھی۔

انہوں نے اس موقع پر اپنے سابق شوہر کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ طلاق صرف میاں بیوی کے درمیان ہوتی ہے، والدین اور بچوں کے درمیان نہیں۔

فضا علی نے بتایا کہ میں نے اپنی بیٹی کو اس کے والد کی دوسری شادی میں شرکت کے لیے بھی تیار کیا اور خود بھی سابق شوہر کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارک باد دی۔

ان کے مطابق ہم دونوں والدین نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ہماری بیٹی کو کسی تنازع یا ذہنی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے موجودہ شوہر بھی ذمے دار والد ہیں اور وہ بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بچوں کی موجودگی میں دونوں والدین کو اپنی ذمے داریاں نبھانی چاہئیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید