پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے 60 سال سے زائد عمر کی خواتین کو مناسب شریکِ حیات ملنے کی صورت میں شادی کرنے کا مشورہ دے دیا۔
اسماء عباس پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے اکبری اصغری، خمار، دلدل، رانجھا رانجھا کر دی، چپکے چپکے اور بے بی باجی کی بہوؤیں سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
وہ پنجابی کامیڈی شو کی میزبانی بھی کر چکی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر اپنے وی لاگز کے ذریعے بھی مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔
ان دنوں اسماء عباس روزانہ کی بنیاد پر وی لاگز شیئر کر رہی ہیں، جن میں وہ اکثر خواتین کو رشتوں اور ازدواجی زندگی سے متعلق مشورے دیتی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک بار پھر 60 سال سے زائد عمر کی خواتین کی شادی سے متعلق اپنا مؤقف بیان کیا ہے۔
اپنے تازہ وی لاگ میں اسماء عباس نے کہا ہے کہ شاید آپ نے میری پرانی ویڈیو پوری نہیں دیکھی میں نے جس میں کہا تھا کہ اگر بڑی عمر کی خواتین کو کوئی اچھا مرد مل جائے تو انہیں ضرور شادی کر لینی چاہیے، کیونکہ بڑی عمر میں انسان کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اپنی بہن بشریٰ انصاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میری باجی بشریٰ انصاری کی بات کریں تو انہیں ایک نہایت اچھے شوہر ملے ہیں، ایسے لوگ بہت کم ملتے ہیں، ان جیسا کوئی نہیں، اگر آپ کو بھی ایسا شخص مل جائے تو ضرور شادی کر لیں، اسی طرح ثمینہ احمد کو بھی بہت اچھے شریکِ حیات ملے ہیں۔
اسماء عباس نے کہا کہ میرا کہنا صرف یہ تھا کہ اگر آپ کو اچھا انسان مل جائے تو شادی کر لیں، ورنہ دنیا ریڈ فلیگز اور مسائل سے بھری پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھاپے میں انسان کو کسی ایسے ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے جو دیکھ بھال کرے، حتیٰ کہ وقت پر دوائیں بھی دے سکے، اسی لیے مناسب شریکِ حیات ملنے کی صورت میں شادی کر لینا بہتر فیصلہ ہو سکتا ہے۔
وی لاگ کے دوران اسماء عباس نے کہا کہ مرد عموماً ایسی خواتین کو پسند کرتے ہیں جو خاموش رہتی ہیں، فرمانبردار ہوتی ہیں اور بحث نہیں کرتیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ایک وی لاگ میں اسماء عباس نے ایسی خواتین کو جو مالی اعتبار سے خود مختار ہوں، پہلی شادی کے دوران ناخوش گوار تجربے سے گزری ہوں اور انہیں بچوں کا ساتھ بھی میسر ہو تو دوبارہ شادی کرنے کے بجائے اپنی اور اپنے بچوں کی زندگی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا تھا۔
بعد ازاں صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد اب انہوں نے اپنے بیان پر وضاحت دے دی ہے۔