• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 300 کروڑ روپے کے غیر قانونی اثاثوں کے انکشاف پر تلنگانہ کا ڈی ایس پی گرفتار

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست تلنگانہ کے محکمۂ انسدادِ بدعنوانی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنکی ریڈی بھیم ریڈی کو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا، انہیں ان کی عالیشان رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمۂ انسدادِ بدعنوانی کا کہنا ہے کہ پولیس افسر نے سرکاری ملازمت کے دوران مبینہ طور پر بدعنوانی اور غیر قانونی ذرائع سے 300 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے بنائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2 جولائی کو تلنگانہ اور کرناٹک میں ڈی ایس کے گھر، ان کے رشتے داروں کے گھر، قریبی افراد اور مبینہ بے نامی اداروں سے متعلق 16 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے گئے جس کے دوران متعدد قیمتی جائیدادیں ان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا۔

ان جائیدادوں میں حیدرآباد میں ولا، کئی رہائشی مکانات، فلیٹس، تجارتی عمارتوں میں حصے، کمرشل جگہیں، مختلف علاقوں میں پلاٹس، تلنگانہ اور کرناٹک میں زرعی اراضی، بنگلورو کے دیوناہلی میں 1 ایکڑ زمین، معدنیات کی ایک کمپنی میں 75 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری اور دیگر املاک شامل ہیں۔

چھاپوں کے دوران افسر کے 1 گھر سے تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار روپے، دوسرے گھر سے 40 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے، جبکہ تقریباً 2 کلو گرام سونے کے زیورات، 20 کلو گرام چاندی کا سامان اور تقریباً 19.91 لاکھ روپے کے بینک بیلنس کا بھی سراغ ملا ہے۔

تحقیقات کے دوران ایک اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب حکام کو افسر کی ہاتھ سے لکھی ہوئی ذاتی ڈائری ملی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ڈائری ڈی ایس پی نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک یاترا پر روانگی سے قبل لکھی تھی، جس میں جائیدادوں، سرمایہ کاری اور واجبات کی تفصیلات درج تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس ڈائری کی اسکین شدہ نقول انہوں نے روانگی سے پہلے اپنے دونوں بیٹوں کو واٹس ایپ کے ذریعے بھی بھیجی تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق یہی ڈائری تحقیقات میں اہم ثبوت ثابت ہوئی اور اسی کی مدد سے متعدد جائیدادوں اور مالی روابط کا سراغ ملا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید