اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ایک بار پھر فٹبال کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا دیا، تاہم اس مرتبہ یہ ریکارڈ ان کے لیے خوش گوار نہیں رہا۔
فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں ارجنٹینا اور مصر کے درمیان میچ کے دوران میسی نے اپنے کیریئر کی چوتھی ورلڈ کپ پنالٹی ضائع کر دی، جس کے بعد وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ پنالٹیز (شوٹ آؤٹ کے علاوہ) ضائع کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
ارجنٹینا اس وقت 1 گول سے خسارے میں تھا جب ٹیم کو برابری کا سنہری موقع ملا، تاہم میسی کی دائیں جانب ماری گئی پنالٹی کو مصر کے گول کیپر نے شاندار انداز میں روک لیا۔
یہ جاری ٹورنامنٹ میں میسی کی دوسری جبکہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ کی چوتھی ضائع شدہ پنالٹی تھی۔
اس سے قبل وہ 2018ء کے ورلڈ کپ میں آئس لینڈ اور 2022ء کے ورلڈ کپ میں پولینڈ کے خلاف بھی پنالٹی گنوا چکے ہیں، جبکہ اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں آسٹریا کے خلاف بھی ایک پنالٹی ضائع کی تھی۔
اگرچہ اس میچ میں پنالٹی مس ہونے کے باوجود میسی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 2 گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا، اسی کے ساتھ انہوں نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 17 تک پہنچا دی، جو انہیں ٹورنامنٹ کی تاریخ کا ہمہ وقت بہترین گول اسکورر بھی بناتی ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میسی اب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 4 پنالٹیز ضائع کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، جبکہ کسی بھی دوسرے کھلاڑی نے اس مقابلے میں 2 سے زیادہ پنالٹیز ضائع نہیں کیں۔