پاکستان کے معروف مزاحیہ فنکار اور اسٹیج اداکار اللّٰہ رکھا جو اپنے اسٹیج کے نام پیپسی اور پانی پوری سے شہرت رکھتے تھے، گزشتہ روز 50 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اللّٰہ رکھا پیپسی اپنی ون مین کامیڈی پرفارمنس، اسٹیج شوز اور پیروڈی اداکاری کے باعث شائقین میں بے حد مقبول تھے۔
انہوں نے عالمی پاپ آئیکون مائیکل جیکسن کی منفرد انداز میں نقل کر کے خاص شہرت حاصل کی تھی، جس کے باعث مداح انہیں محبت سے پاکستان کا مائیکل جیکسن بھی کہتے تھے۔
انتقال کے بعد کامیڈین کے بیٹے سلمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ والد ریکارڈنگ کے دوران اچانک گر گئے تھے، اُنہیں جناح اسپتال لے جا رہے تھے کہ راستے میں ہی انتقال ہو گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ والد کو زندگی میں بس اس بات کا دکھ تھا کہ ان کے پاس اب تک اپنا گھر نہیں ہے اور یہ خواہش تھی کہ بیٹے کو اچھی نوکری مل جائے، باقی زندگی جیسی بھی تھی، وہ اپنی زندگی سے خوش تھے۔
کامیڈین کے بیٹے نے بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد والد نے ہمیں ماں اور باپ دونوں کا پیار دیا، اللّٰہ ایسے باپ کسی کسی کو دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹیوں سے بھی بے شمار محبت کرتے تھے، وہ ویسے بیٹیوں کے گھر نہیں جاتے تھے لیکن ابھی کچھ دن پہلے وہ اچانک میری بہنوں سے ملنے گئے تھے۔
کامیڈین کے بیٹے نے یہ بھی بتایا کہ والد بہت ہی نرم دل انسان تھے، انہوں نے گھر میں ہم پر کبھی غصّہ نہیں کیا۔