• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا حمید سے شادی کے 29 سال بعد طلاق کیوں ہوئی؟ وسیم عباس نے وجہ بتا دی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے صبا حمید سے شادی کے 29 سال بعد طلاق ہونے کی وجہ بتا دی۔

وسیم عباس نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے صبا حمید کے ساتھ اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری دوسری شادی 29 برس چلی اور پھر طلاق ہو گئی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ طلاق ہونے میں کوئی برائی نہیں، میری دعائیں اب بھی صبا حمید کے ساتھ ہیں، اللّٰہ انہیں خوش رکھے۔

اُنہوں نے طلاق کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اختلافات کے دوران ضروری نہیں ہے کہ ایک فرد سچا ہو اور دوسرا جھوٹا ہو، بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ دونوں فریقین اپنی اپنی جگہ صحیح ہوتے ہیں، دونوں کے پاس اپنی وجوہات ہوتی ہیں تو دونوں ساتھ رہ کر ایک مشکل زندگی گزارنے کے بجائے اپنے راستے علیحدہ کرنے کا سوچتے ہیں۔

وسیم عباس نے کہا کہ عزت کے ساتھ میاں بیوی کے علیحدہ ہو جانے میں کوئی برائی نہیں ہے، ہماری تو ایک ساتھ کوئی اولاد بھی نہیں ہے اور اولاد کے بارے میں فیصلہ تو ہم نے شادی کے وقت ہی کر لیا تھا کیونکہ پہلی شادی سے 4 بچے میرے تھے اور اسی طرح صبا حمید کے بھی ان کی پہلی شادی سے 2 بچے تھے، اس لیے بچوں کی تو ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ پھر بھی ہم 29 سال ساتھ رہے، وقت گزرنے کے ساتھ ہمارے درمیان وہ جذبات باقی نہیں رہے تھے جن پر ہمارا رشتہ قائم رہ سکتا تو الگ ہو گئے۔

اداکار نے کہا کہ ہم دونوں کی ایک دوسرے سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، اب بھی ہم کبھی ایک دوسرے کے سامنے آئیں گے تو عزت سے ملیں گے اور اگر کسی ڈرامے میں ہمیں ایک ساتھ کاسٹ کیا جاتا ہے تو ہم اب بھی ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید