پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف و باصلاحیت اداکار وسیم عباس نے کراچی آمد پر گھر کے بجائے گیسٹ ہاؤس میں قیام سے متعلق اپنے وائرل بیان پر وضاحت پیش کر دی۔
حال ہی میں وسیم عباس نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دورانِ گفتگو انہوں نے اپنے ماضی میں دیے گئے گیسٹ ہاؤس میں قیام سے متعلق بیان پر وضاحت بھی پیش کی اور کہا کہ میرا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ میرا بیٹا یا بہو میری عزت نہیں کرتے، میری بہو گھر کے تمام کام خود کرتی ہے، جب بھی میں ان کے پاس قیام کرتا ہوں تو وہ میرے لیے کھانا تیار کرتی ہے، تازہ روٹیاں بناتی ہے اور گرم کھانا پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اکثر اسے کہتا ہوں کہ کھانا مائیکرو ویو میں رکھ دیا کرے کیونکہ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میری وجہ سے اسے غیر ضروری زحمت اٹھانا پڑتی ہے، اس لیے اب میرا خیال ہے کہ مجھے گیسٹ ہاؤس میں قیام کرنا چاہیے کیونکہ میں اس کا خرچ برداشت کر سکتا ہوں، البتہ ویک اینڈ پر میں ان کے گھر چلا جاتا ہوں، اس کے باوجود ہم آج بھی ایک مشترکہ خاندانی نظام کے تحت زندگی گزار رہے ہیں، میری بیٹی اور بہو لاہور میں ہیں اور ہم اپنے بیٹے کے آنے کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے 4 بچے ہیں اور ہم سب ایک ساتھ رہتے ہیں، لوگوں نے جس طرح اس معاملے کو لیا، حقیقت میں ایسی کوئی بات نہیں تھی، مجھے نہیں معلوم کہ ایک معمولی سی بات کو اتنا بڑھا چڑھا کر کیسے تنازع بنا دیا گیا، خاص طور پر پوڈکاسٹس میں۔
اپنے بیٹے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا کہ یہ میری اور علی کی تصویر ہے، میں نے اس کے ساتھ کیپشن لکھا تھا ’می اینڈ می‘، وہ میرا بیٹا ہے، میرا عکس ہے اور میرے دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی لوگ اسے دیکھ کر مجھے یاد کریں گے۔