بالی ووڈ کے معروف اداکار آر مادھون نے اپنی فلمی دنیا میں آمد کی دلچسپ کہانی سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ابتدا میں مجھے اداکاری کی پیشکش فراڈ محسوس ہوئی تھی۔
ایک انٹرویو میں آر مادھون نے بتایا کہ نوجوانی ہی سے میرا خواب ایک کامیاب اور مشہور اداکار بننے کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 17 سال کی عمر میں میں نے اپنی نوٹ بک میں لکھا تھا کہ میں ایک امیر اور مشہور اداکار بننا چاہتا ہوں، ساتھ ہی مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنا میرا خواب تھا۔
آر مادھون نے بتایا کہ میں نے ابتدا میں اداکار بننے کا منصوبہ نہیں بنایا تھا بلکہ ممبئی مواصلاتی مہارت (Communication Skills) اور عوامی گفتگو (Public Speaking) کی تربیت دینے کے لیے آیا تھا۔
ان کے مطابق اس وقت میری ماہانہ آمدنی 70 سے 80 ہزار بھارتی روپے تھی، جو اُس دور میں بہت اچھی رقم سمجھی جاتی تھی اور میں تقریباً ساری آمدنی خرچ کر دیتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی دوران ایک روز سڑک پر ایک شخص نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں اداکاری کرنا چاہوں گا؟ ابتدا میں مجھے لگا کہ یہ کوئی فراڈ یا دھوکا ہے، لیکن اسی اتفاقی ملاقات نے میری زندگی کا رخ بدل دیا اور میں فلمی دنیا میں آ گیا۔
واضح رہے کہ آر مادھون نے سن 2000ء میں ہدایت کار منی رتنم کی فلم علائی پائوتھے سے بطور مرکزی اداکار فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ 2001ء میں ریلیز ہونے والی فلم رہنا ہے تیرے دل میں نے انہیں بھرپور شہرت دلائی۔
بھارتی سینما میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں آر مادھون کو حال ہی میں پدم شری اعزاز سے بھی نوازا گیا۔